پشاور(جنگ نیوز)خیبرپختونخوا کے وزیر سماجی بہبود، زکوٰۃ و عشر سید قاسم علی شاہ نے خیبر ٹیچنگ اسپتال پشاور کا اچانک دورہ کیا اور مختلف وارڈز میں علاج معالجے کی سہولیات کی فراہمی کا جائزہ لیا۔ اسپتال انتظامیہ نے مریضوں کے علاج اور سہولتوں کے بارے میں صوبائی وزیر کو تفصیلی بریفنگ دی۔صوبائی وزیر نے اسپتال انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو معیاری صحت سہولیات کی فراہمی کے لیے حکومت اصلاحات اور اقدامات جاری رکھے گی۔بعد ازاں صوبائی وزیر نے مالی سال 2025-26 کے لیے 80 لاکھ روپے زکوٰۃ فنڈز کا چیک اسپتال انتظامیہ کے حوالے کیا، جو ڈاکٹر محمد ظفر آفریدی (ڈائریکٹر ہسپتال)، ڈاکٹر سجاد اللہ داوڑ (میڈیکل ڈائریکٹر) اور صدام شنواری (انچارج زکوٰۃ سیکشن) نے وصول کیا۔