• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستانی اداکار فواد خان کی فلم کو پھر بھارت میں مشکلات

کراچی ( رپورٹ/ اخترعلی اختر )پاکستانی سپر اسٹارفواد خان اور بھارتی اداکارہ وانی کپور کی فلم عبیر گُلال کو بھارت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ بھارتی پریس انفارمیشن بیورو کا دعویٰ ہے کہ ہم نے فلم کی ریلیز کا کوئی اجازت نامہ جاری نہیں کیا۔ یاد رہے کہ پاکستانی اداکار فواد خان اور بھارتی اداکارہ وانی کپور کی فلم عبیر گُلال 12 ستمبر 2025 کو عالمی سطح پر ریلیز کی گئی۔ تاہم، یہ فلم بھارت میں ریلیز نہیں کی گئی، کیونکہ پہلگام حملے اور فواد خان کی کاسٹنگ کے بعد تنازع پیدا ہوا۔ حالیہ دنوں میں بھارتی لیڈنگ میڈیا پر یہ خبریں سامنے آئیں کہ فلم بھارت میں 26 ستمبر کو ریلیز ہوگی، مگر اب بھارت کے پریس انفارمیشن بیورو (PIB) نے ان خبروں کی تردید کر دی اور سوشل میڈیا پر اس کی وضاحت جاری کی۔PIB نے بھارتی ریلیز کی خبروں کو من گھرٹ قرار دیا۔ پریس انفارمیشن بیورو نے سوشل میڈیا پر کہا:" بھارت کے کئی بڑےمیڈیا ادارے دعویٰ کر رہے ہیں کہ فواد خان اور وانی کپور کی فلم ’’عبیر گُلال، بھارت کے سینما گھروں میں 26 ستمبر 2025 کو ریلیز ہوگی۔ یہ دعویٰ سچا نہیں ہے۔ اس فلم کے لیے کوئی سرکاری اجازت نامہ جاری نہیں کیا گیا۔"اس تصدیق نے واضح کر دیا کہ فلم کی بھارتی ریلیز کیلئے کوئی سرکاری منظوری موجود نہیں ہے۔اس سے قبل بولی وڈ ہنگامہ نے رپورٹ کیا تھا کہ فلم کی عالمی ریلیز (12 ستمبر) کے دو ہفتے بعد یہ بھارت میں بھی ریلیز ہوگی۔ رپورٹ کے مطابق، فلم کے پروڈیوسرز نے فیصلہ کیا تھا کہ 26 ستمبر کو بھارتی سنیما گھروں میںریلیز رکھی جائے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل بھی بھارتی حکومت نے پاکستانی ڈمپل کوئین ہانیہ عامر اور عالمی شہرت یافتہ بھارتی فنکار دلجیت دوسانجھ کی فلم سردار جی تھری کو بھی انڈیا میں ریلیز نہیں ہونے دیا تھا۔تاہم فلم نے پاکستان سمیت کئی ممالک میں کامیابی حاصل کی۔
اہم خبریں سے مزید