• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایشیا کپ میچ، بھارت فتح یاب، پاکستان کا غیرمستحکم ٹاپ آرڈر، ناتجربہ کار بیٹنگ، کمزور بولنگ شکست کی بڑی وجوہات

دبئی (عبدالماجد بھٹی) بھارتی کرکٹ ٹیم اور ایک بڑے ٹورنامنٹ میں پاکستان کے خلاف فتح یاب رہی، گرین شرٹس کا غیر مستحکم ٹاپ آرڈر، کمزور بولنگ، فیلڈنگ کی خامیوں اور مجموعی طور پر ناتجربہ کار بیٹنگ کے سبب پاکستانی کھلاڑی مضبوط حریف کے خلاف دباؤ کا شکار دکھائی دیئے ۔ صائم ایوب، کپتان سلمان، فخر زمان ، حارث نواز ، حسن، محمد نواز اور فہیم اشرف بیٹنگ میں بری طرح ناکام رہے، شاہین آفریدی کے تیز رفتار33، صاحبزادہ فرحان کے 40رنز کی بدولت مقررہ اوورز میں 127رنز بنائے۔ بھارت نے ہدف 16ویں اوور میں حاصل کرلیا، فتح کے ساتھ ہی سپر فور مرحلے میں جگہ بنالی۔ بدترین دباؤ کے شکار بیٹنگ لائن کی ناقص کارکردگی کے بعد بولرز چھوٹے اسکور کا دفاع نہ کرسکے۔ پاکستانی اسپن نے بھی کوئی اثر نہ دکھایا۔ ایشیاکپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں بھارت نے پاکستان کو سات وکٹ سے شکست دے کر سپر فور مرحلے میں کھیلنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔ مئی میں پاک بھارت جنگ کے بعد دونوں ٹیمیں پہلا انٹر نیشنل میچ کھیل رہی تھیں۔ دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے میچ سے قبل روایتی ہاتھ نہیں ملایا اور میچ ختم ہونے کے بعد پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں روایتی انداز میں ہاتھ ملائے بغیر اپنے اپنے ڈریسنگ روم چلی گئیں، میچ کشیدہ ماحول میں ختم ہوا۔ پاکستانی ٹیم بدھ کو کمزور حریف متحدہ عرب امارات کے خلاف بدھ کو کھیلے گی، یہ میچ جیت کر پاکستانی ٹیم بھی سپر فور مرحلے کے لئے کوالی فائی کرسکتی ہے۔ا توار کودبئی اسٹیڈیم میں 28 ہزار تماشائیوں کو پاکستانی بیٹنگ نے بری طرح مایوس کیا۔ صائم ایوب، سلمان علی آغا، فخر زمان ،محمد حارث ، حسن نواز، محمد نواز اور فہیم اشرف بیٹنگ میں ناکام رہے۔ بیٹنگ میں ناکام رہنے والے صائم ایوب نے35رنز دے کر تین وکٹ حاصل کئے۔ ریگولر اسپنرز محمد نواز، ابرار احمد اور صفیان مقیم کوئی وکٹ حاصل نہ کرسکے۔ بھارت نے ہدف تین وکٹ کے نقصان پر15.5 اوورز میں بنالیا۔کپتان سوریا کمار یادیو نے آؤٹ ہوئے بغیر47 رنز37گیندوں پر بنائے ان کی اننگز میں ایک چھکا اورپانچ چوکے شامل تھے۔ شیوم دوبے دس رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ بھارت جمعے کو آخری میچ عمان کے خلاف ابوظبی میں کھیلے گی۔ پاکستان کےبرعکس بھارت نے تیزی سے اننگز شروع کی۔ ابھیشیک شرما اور شمبن گل نے دو اوورزمیں 22 رنز بنالئے اس موقع پر بیٹنگ میں ناکامیاں سمیٹنے والے صائم ایوب نے شمبن گل کی وکٹ حاصل کی ۔ وہ دس رنز بناکر اسٹمپڈ ہوئے۔ ابھیشیک کے ارادے مختلف تھے وہ شاہین کی بولنگ پر چارج کررہے تھے ان کے ابتدائی دو اوورز میں23 رنز بنے۔ صائم ایوب نےاپنے دوسرے اوور میں ابھیشیک شرما کو کیچ آؤٹ کراکر پاکستان کو دوسری کامیابی دلوادی۔ انہوں نے13گیندوں پر دو چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے 31 رنز بنائے۔ چوتھے اوور میں41 رنز پر دو وکٹ گر گئے ۔ اس موقع پرسوریا کمار یادیو اور تلک ورما نے صورتحال کو سنبھالا۔ دس اوورز میں اسکور دو وکٹ پر88 رنز تھا۔ تلک ورما کا محمد نواز  نے آسان کیچ اپنی گیند پر ڈراپ کردیا جس کے بعد اگلے اوور میں انہیں صائم ایوب نے بولڈ کردیا۔ انہوں نے31گیندوں پر 31 رنز ایک چھکے اور دو چوکوں کی مدد سے بنائے۔ انہوں نے سوریا کمار کے ساتھ56رنز کی شراکت قائم کی۔ قبل ازیں دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستانی بیٹنگ لائن پہلی گیند سے ہی مشکلات کا شکار رہی اور مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹ پر 127 رنز ہی بنا سکی۔شاہین شاہ آفریدی نے برق رفتار 16 گیندوں پر 33 رنز بنا کر بیٹنگ لائن کی لاج رکھ لی انہوں نےچار چھکے مارے یہ ان کا ٹی ٹوئنٹی میں سب سے زیادہ اسکور ہے۔ اس سے قبل ان کا سب سے زیادہ اسکور 23 رنز تھا۔ بھارت کے خلاف پہلا میچ کھیلنے والے صاحب زادہ فرحان نے 44 گیندوں پر 40رنز بنا کر کچھ مزاحمت کی۔ انہوں نےتین چھکے اور ایک چوکا مارا۔ پاکستان ٹیم کی پہلی وکٹ میچ کی پہلی گیند پر ہی گری، جس میں اوپنر صائم ایوب کو بغیر کھاتہ کھولے ہاردیک پانڈیا کی گیند پرواپس پویلین لوٹنا پڑا، محمد حارث 3 رنز بناکر جسپریت بمراہ کا شکار بنے۔ فخر زمان اور صاحب زادہ فرحان نے محتاط انداز میں بیٹنگ جاری رکھی تاہم فخر زمان بھی 45کے اسکورپر 17رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔


اہم خبریں سے مزید