کراچی(اسٹاف رپورٹر)شہر میں پولیس پر حملوں میں تیزی ،کریم شاہ روڈ گلشن معمار میں کار سوار دہشت گردوں کی فائرنگ سے پولیس اہلکار شہید ہوگیا ،تفصیلات کے مطابق گلشن معمار تھانہ کی حدود کریم شاہ روڈ پر کار سوار مسلح ملزمان کی فائرنگ سے پولیس اہلکار صدام حسین شہید ہوگیا ،فائرنگ سے پولیس اہلکار کی شہادت کی اطلاع پر پولیس ایس ایس پی ویسٹ طارق مستوئی نے پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ جائے وقوعہ کا معائنہ کیا اور کرائم سین یونٹ کو طلب کرکے جائے وقوعہ سے شواہد جمع کئے اور شہید اہلکار کی میت کو پوسٹ مارٹم کے لئے اسپتال منتقل کی ، ضلع غربی پولیس کے ترجمان کے مطابق ابتدائی معلومات کے مطابق پولیس اہلکار پنکچر کی دکان پر موجود اپنی موٹرسائیکل کا پنکچر لگوا رہا تھا۔اسی دوران سفید آلٹو کار میں سوار چار نامعلوم مسلح ملزمان نے آکر فائرنگ کی اور پولیس اہلکار کو شہید کرکے فرار ہوگئے۔پولیس نے جائے وقوعہ سے 5خولز 9ایم ایم اور 1خول 30بور قبضہ پولیس میں لے کر برآمدہ گولیوں کےخولز کو فرانزک تجزیہ کے لئے بھجوادئے گئے ہیں ،وزیر داخلہ سندھ نے پولیس اہلکار کی شہادت کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی ویسٹ کو ہدایات جاری کی کہ فی الفور جملہ ابتدائی پولیس اقدامات سے آگاہ کریں اورپولیس کلنگز میں ملوث ابتک گرفتار ملزمان کی تفصیلات سے آگاہ کیا جائے۔کامیاب تفتیش اور واقعہ میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کا ٹاسک ماہر اور باصلاحیت افسر کو دیا جائے۔جائے وقوعہ سے اکٹھا شہادتوں اور عینی شاہدین کے بیانات کی روشنی میں تفتیش کو کامیاب بنایا جائے۔وزیر داخلہ سندھ نے ایس ایس پی ویسٹ کو ہدایات جاری کی ہیں کہ شہید کانسٹیبل کے گھر جائیں اور انکے اہل خانہ کے ساتھ کچھ وقت شیئر کریں۔