لاہور (نیوزرپورٹر)نائب امیر جماعتِ اسلامی ، سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے چیچہ وطنی، ساہیوال میں عوامی کنونشن اور عوامی کمیٹیوں کے حلف کی تقاریب شیخ عمران اللہ کے ظہرانہ و عشائیہ میں معززین اور وکلاء، تاجر رہنماؤں سے خطاب کیا۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ سیلاب سے خیبرپختونخوا، پنجاب اور سندھ میں بڑے نقصانات ہوگئے ہیں۔ پورے پورے دیہات صفحہ ہستی سے مِٹ گئے، محنت مزدوری سے زندگی بھر کی جمع پونجی سیلاب بُرد ہوگئی ہے، ریسکیو، ریلیف کا نظام اپنے نقائص کے باوجود چل گیا، اب متاثرین کی بحالی پوری قوم کے لیے بڑا چیلنج ہے۔ موسمیاتی تبدیلیوں کے مقابلہ میں سیلاب نقصانات کے حقیقی بااعتماد تخمینہ کے لیے لائحہ عمل ناگزیر ہے۔ حکومت سیلاب متاثرین کو فوری ریلیف اونٹ کے منہ میں زیرے کے مترادف ہے، بحالی کا مکمل پیکج طے کیا جائے۔