کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سردار سربلند جوگیزئی نے خضدار میں پارٹی رہنما آغا شکیل درانی کی رہائش گاہ پر بم حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک دشمن عناصر ایسے اوچھے ہتھکنڈوں سے پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کو مرعوب نہیں کرسکتے ، پولیس اور دیگر سیکورٹی ادارےحملے میں ملوث دہشت گردوں کو گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچائیں ۔ ایک بیان میں انہوں نے خضدار میں پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق چیئرمین آغا شکیل درانی کی رہائش گاہ پر دہشت گردوں کے بم حملے میں محافظوں سمیت 7 افراد کے زخمی ہونے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گرد اپنے غیر ملکی آقاوں کی خوشنودی کیلئے سیاسی رہنماوں اورعوام کو دہشت گردی کا نشانہ بنارہے ہیں دہشت گرد ی میں ملوث عناصر عناصر کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں ، ان کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے ۔ انہوں نے حکومت عوام کی جان و مال کے تحفظ کیلئے موثر اورعملی اقدامات اٹھائے اور سیاسی جماعتوں اورانکے اہل خانہ کو سیکورٹی کی فراہمی یقینی بنائے۔