کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)پارلیمانی سیکرٹری ٹرانسپورٹ بلوچستان میر لیاقت علی لہڑی نے کہا ہے کہ حکومت شہریوں کو سستی ، آرام دہ اور محفوظ سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے بھرپور اقدامات کررہی ہے ،پیپلز ٹرین سروس شروع ہونے سے نہ صرف عوام کو بہتر سفری سہولت میسر آئے گی بلکہ شہر میں ٹریفک کے دباؤ میں بھی نمایاں کمی آئے گی ۔ یہ بات انہوں نے کوئٹہ شہر کے عوام کی سفری ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے سریاب تا کچلاک مجوزہ پیپلز ٹرین سروس کے تحت نئے ریلوے اسٹیشنزکے تفصیلی دورہ کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہی ،اس موقع پر سیکرٹری ٹرانسپورٹ حیات کاکڑ بھی ان کے ہمراہ تھے، دورے کا مقصد مجوزہ ٹرین سروس کے لیے درکار سہولیات ، بنیادی ڈھانچے اور مسافروں کی ضروریات کا جائزہ لینا تھا ،انہوں نے ہر اسٹیشن پر موجود سہولیات ، سکیورٹی ، صفائی ، ٹکٹنگ نظام سمیت دیگر اہم امور کا مشاہدہ کیا ۔میر لیاقت علی لہڑی نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہاس منصوبے سے ہزاروں افراد روزانہ مستفید ہوں گے اور یہ اقدام بلوچستان میں پبلک ٹرانسپورٹ کے شعبے میں ایک مثبت پیش رفت ثابت ہوگی ۔انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تمام ضروری امور جلد از جلد مکمل کر کے ٹرین سروس کو فعال کیا جائے ۔سیکرٹری ٹرانسپورٹ حیات کاکڑ نے منصوبے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ سروس عوامی فلاح و بہبود کے لیے سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے ، جس سے شہریوں کو سفر کی معیاری اور کم لاگت سہولت میسر آئے گی ۔