واشنگٹن (جنگ نیوز) بھارت کو ایک اور دھچکہ،ٹرمپ کا H-1B ویزوں پر ایک لاکھ ڈالر فیس عائد کرنے کا اعلان،زیادہ تر بھارتی کارکن متاثر ہونگے،71 فیصد H-1B ویزے انڈین شہریوں کو ملتے ہیں، نئی فیس اتوار سے نافذ ہوگی۔ بھارتی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ فیصلے سے انسانی پہلوؤں پر منفی اثرات مرتب ہوں گے، خاندانوں کے بکھرنے کا خطرہ ہے۔ ٹیکنالوجی صنعت میں ہلچل ،ٹرمپ نے ساتھ ہی امیروں کیلئے 1 ملین ڈالر "گولڈ کارڈ" رہائشی پروگرام کا بھی اعلان کیا۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے H-1B ویزوں پر سالانہ ایک لاکھ ڈالر فیس عائد کرنے کا اعلان کیا ہے، جس سے بھارتی کارکنوں اور امریکی ٹیکنالوجی صنعت پر گہرے اثرات مرتب ہونے کا خدشہ ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے ایک ملین ڈالر "گولڈ کارڈ" رہائشی اسکیم بھی متعارف کرائی ہے۔ بڑی ٹیکنالوجی کمپنیاں اور ماہرین، بشمول ایلون مسک، اس فیصلے پر تحفظات کا اظہار کر رہے ہیں کیونکہ امریکہ میں مقامی ٹیلنٹ کی کمی ہے۔ یہ نیا قانون اتوار سے نافذ ہوگا اور ابتدائی طور پر ایک سال کے لیے ہوگا، تاہم ٹرمپ اسے بڑھا بھی سکتے ہیں۔اعداد و شمار کے مطابق 71 فیصد H-1B ویزے بھارتی شہریوں کو ملتے ہیں، جبکہ چین دوسرے نمبر پر ہے مگر اس کا حصہ محض 11.7 فیصد ہے۔ کیلیفورنیا ان ویزوں کا سب سے بڑا مرکز ہے۔