کراچی (اسٹاف رپورٹر) جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی نے قدرتی آفات اور ہنگامی حالات کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ایک پالیسی کی منظوری دے دی ہے۔ اس پالیسی کے تحت کیمپس میں طوفانی بارشوں اور ایسے دیگر حالات کی وجہ سے کیمپس بند ہونے کی صورت میں آن لائن کلاسز کا اجراء لازمی ہوگا، دفتر کے اوقات میں طلبہ و عملے کے محفوظ انخلاء یا کیمپس میں عارضی پناہ کے اقدامات، اور ٹرانسپورٹ، طبی امداد، کونسلنگ اور ہنگامی ریلیف کے لیے ایک مربوط نظام وضع کیا گیا ہے۔یہ پالیسی جامعہ کی 37ویں اکیڈمک کونسل کے اجلاس میں متفقہ طور پر منظور کی گئی، جس کی صدارت وائس چانسلر پروفیسر امجد سراج میمن نے کی۔ اجلاس رجسٹرار آفس کے تحت منعقد کیا گیا جس میں یونیورسٹی کے تعلیمی پروگراموں اور ادارہ جاتی ترقی کے لیے کئی اہم اقدامات کا جائزہ لیا گیا اور منظوری دی گئی۔اہم فیصلوں میں جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر (جے پی ایم سی) کے کالج آف آکیوپیشنل تھراپی کو یونیورسٹی کے الحاق شدہ کالج کا درجہ دیا گیا۔ مزید برآں، ملحقہ کالجز کے لیے کوالٹی اشورنس روڈمیپ، انڈرگریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ پروگراموں میں "قرآن فہمی" کورس کا اضافہ، اور ایچ ای سی کی ہدایات کے مطابق ہر انسٹیٹیوٹ کے لیے سابق طلبہ چیپٹرز قائم کرنے کی منظوری دی گئی۔