• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کی نصف معیشت سیلابی خطرات کی زد میں، وزارت پلاننگ کی چوکنا دینے والی رپورٹ

اسلام آباد(آن لائن) پاکستان کی نصف معیشت سیلابی خطرات کی زد میں، وزارت پلاننگ کی چونکا دینے والی رپورٹ، وزارت پلاننگ کے مطابق لاہور اور کراچی سمیت بڑے شہر اربن فلڈنگ کے خطرے میں، معیشت کو بڑے نقصان کا خدشہ ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کی معیشت کو درپیش نئے خطرات پر تشویشناک انکشاف سامنے آیا ہے کہ ملک کی نصف معیشت سیلابی خطرات کی زد میں ہے۔ وزارتِ پلاننگ کی دستاویزات کے مطابق وہ شہر اور علاقے جو مختلف نوعیت کے سیلابوں سے متاثر ہوسکتے ہیں، قومی جی ڈی پی میں تقریباً 50 فیصد حصہ ڈال رہے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر ان شہروں میں بڑے پیمانے پر سیلاب آیا تو ملکی معیشت کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچ سکتا ہے۔دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ لاہور سیلابی خطرات کی زد میں سب سے نمایاں شہر ہے جو ملکی جی ڈی پی میں 11.5 فیصد حصہ ڈالتا ہے۔ اسی طرح کراچی جسے ملک کا معاشی حب کہا جاتا ہے، بھی سیلابی خطے میں آتا ہے اور اس کا جی ڈی پی میں حصہ 20 فیصدہے۔رپورٹ کے مطابق پشاور، ملتان، کوئٹہ، اسلام آباد اور راولپنڈی بھی خطرات سے دوچار ہیں۔ پشاور کا قومی معیشت میں 2 فیصد، ملتان کا 3 فیصد، کوئٹہ کا 1.1 فیصد جبکہ اسلام آباد اور راولپنڈی کا مجموعی طور پر 2.3 فیصد حصہ ہے۔ وزارتِ پلاننگ نے اپنی رپورٹ میں انتباہ کیا ہے کہ ان شہروں کو نہ صرف اربن فلڈنگ بلکہ دریائی سیلاب جیسے دوہری خطرات لاحق ہیں، جو انہیں انتہائی حساس بنا دیتے ہیں۔ کسی بڑے سیلاب کی صورت میں یہ شہر نہ صرف تباہی کا شکار ہوں گے بلکہ پاکستان کی مجموعی معیشت پر بھی شدید منفی اثرات مرتب ہوں گے۔

ملک بھر سے سے مزید