• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بنگلہ دیش سول سروس وفد آج سی ایس اے لاہور کا تاریخی دورہ کریگا

لاہور(آصف محمود بٹ ) جنوبی ایشیا میں انتظامی تعاون کے ایک نئے باب کا آغاز آج ہوگا جب بنگلہ دیش سول سروس کا ایک اعلیٰ سطحی وفد سول سروسز اکیڈمی (سی ایس اے) لاہور پہنچے گا۔ یہ وفد 1971 کے بعد پہلی مرتبہ پاکستان کا سرکاری دورہ کر رہا ہے۔ وفد دن بھر پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس (PAS) کے تربیتی پروگراموں، اساتذہ اور زیرِ تربیت افسران کے ساتھ ملاقات کرے گا تاکہ دونوں ممالک کے درمیان طویل المدتی پیشہ ورانہ تعلقات استوار ہوں۔وفد کی قیادت سینئر سیکرٹری وزارتِ داخلہ بنگلہ دیش نسیم الغنی کر رہے ہیں۔خطے کے بڑے گورننس چیلنجز ، ماحولیاتی تبدیلی، آفات سے نمٹنے کے انتظامات،  جامع معاشی ترقی  پر تبادلہ خیال ہوگا وفد میں ڈھاکا کے اعلی افسران رضا الکریم (ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس)، ضنات الحسن (ایڈیشنل ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس) اور محبوب الرحمان (ڈپٹی سیکرٹری وزارتِ داخلہ ) بھی شامل ہیں۔ حکام نے اس دورے کو ’’جدید حکمرانی کے طریقوں اور مشترکہ ثقافتی ورثے کے فروغ کے لیے بے مثال موقع‘‘ قرار دیا ہے۔پاکستان سول سروسز اکیڈمی (سی ایس اے) کے ڈائریکٹر جنرل فرحان عزیز خواجہ وفد کا استقبال کریں گے۔ ان کے ہمراہ ڈائریکٹر پی اے ایس ڈاکٹر فیصل ظہور، ایڈیشنل ڈائریکٹر عثمان علی اور مڈ کیریئر مینجمنٹ کورس کے ایڈیشنل ڈائریکٹر محمد جعفر علی خان بھی شریک ہوں گے۔ مہمانوں کو پاکستان کی سول سروس کے ارتقائی سفر پر بریفنگ دی جائے گی، جس میں بتایا جائے گا کہ کس طرح تربیتی نظام کو پائیدار ترقی کے اہداف، ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن، شواہد پر مبنی پالیسی سازی اور عوامی خدمات کے جدید تقاضوں کے مطابق ڈھالا گیا ہے۔

اہم خبریں سے مزید