اسلام آباد (صالح ظافر) طالبان انتظامیہ کا بگرام ایئربیس امریکہ کے حوالے کرنے سے صاف انکار، پاکستان نے اسے افغانستان اور امریکا کے درمیان معاملہ قرار دیتے ہوئے تبصرہ کرنے سے انکار کردیا۔ تفصیلات کے مطابق صدر ٹرمپ کی دھمکیوں کو نظر انداز کرتے ہوئے، طالبان انتظامیہ نے امریکہ کو بگرام ایئربیس واپس کرنے سے صاف انکار کر دیا ہے۔ اس ایئربیس کو امریکہ نے اس ملک میں اپنی 20 سالہ جنگ میں استعمال کیا تھا۔ ٹرمپ افغانستان سے بار بار مطالبہ کر رہے ہیں کہ وہ بگرام ائیر بیس امریکہ کے حوالے کرے، ورنہ ’’برے نتائج ہوں گے‘‘۔ چین نے امریکہ کے صدر کی اس درخواست کی مخالفت کی ہے، جسے ٹرمپ نے گزشتہ تین دنوں میں دو بار دہرایا ہے۔ پاکستان کے افغانستان کے لیے خصوصی ایلچی محمد صادق خان ایک یا دو دن میں خطے کے چار ممالک بشمول ایران اور ترکی کا دورہ کر رہے ہیں۔ اس دورے کا مقصد افغانستان کی موجودہ صورتحال پر اہم مشاورت کرنا ہے۔