اسلام آباد (اسرار خان)پاکستان چینی کمپنی کے ساتھ ملکر لیپ ٹاپ اور ٹیبلٹ کی صنعت قائم کریگا، سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کے لیے حکومت کا تیز رفتار ویزوں اور پالیسی میں تبدیلی کا عزم۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان چینی ٹیکنالوجی فرم ایچ وائی ایف کے ساتھ ملک میں لیپ ٹاپ اور ٹیبلٹ کی مینوفیکچرنگ صنعت قائم کرنے کے لیے بات چیت کر رہا ہے۔ یہ اقدام مقامی پیداوار کو فروغ دینے اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لیے حکومت کی تازہ ترین کوشش کی نشاندہی کرتا ہے۔ پیر کے روز وزیراعظم کے معاون خصوصی ہارون اختر خان نے ایچ وائی ایف کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں انہوں نے چینی سرمایہ کاروں کو حکومت کی جانب سے مکمل مدد اور سیکیورٹی کی یقین دہانی کرائی۔