لاہور ( جنرل رپورٹر ) صوبائی وزیر برائے صحت اور آبادی و بہبود خواجہ عمران نذیر نے لاہور میں ڈینگی کنٹرول کی کوششوں کا جائزہ لینے کے لیے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا سمیت دیگر اہم عہدیداران نے شرکت کی۔ وزیر صحت نے سرکاری دفاتر میں ڈینگی سروے کرانے اور غفلت برتنے والے عہدیداران کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت دی۔ اجلاس میں عوامی شرکت، تھرڈ پارٹی آڈٹ اور انسداد ڈینگی کوششوں کی معاونت کے لیے قانون سازی کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ وزیر صحت نے سی ای او ہیلتھ کو ہدایت دی کہ نجی ہسپتالوں اور جنرل پریکٹیشنرز سے ڈیٹا جمع کیا جائے۔