اسلام آ باد (رانا غلام قادر)پاور سیکٹر کے سرکلر ڈیٹ کو کم کرنے سے متعلق وفاقی حکومت اور بینکوں کے درمیان فنانسنگ معاہدے کے حوالے سے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ سرکلر ڈیٹ سے متعلق فنانسنگ سہولت معاہدے کی تقریب آج وزیراعظم آفس میں شیڈول ہوگئی۔ وزیراعظم شہبازشریف اور نائب وزیراعظم اسحٰق ڈار معاہدے پر دستخط کی تقریب میں ورچوئلی شریک ہوں گے جو امریکہ میں ہیں۔وفاقی کابینہ نے کمرشل بینکوں سے 1275 ارب روپے قرض لینے کی منظوری دے رکھی ہے، قرضے کی واپسی 24سہ ماہی اقساط میں ہو گی ۔سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے تقریب میں شرکت کے لیے اسٹیک ہولڈرز اور دیگر حکام کو مدعو کرلیا ہے،تقریب کے لیے 18 بینکوں اور ڈسکوز سمیت دیگر حکام کو دعوت دی گئی ہے۔ وزیر بجلی اویس لغاری سمیت متعدد وفاقی ورزا تقریب میں شریک ہوں گے۔آئی ایم ایف مشن ہیڈ، عالمی بینک اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے کنٹری ڈائریکٹرز کو دعوت دی گئی ہےجبکہ چیئرمین نیپرا اور گورنر اسٹیٹ بینک سمیت دیگر اعلی حکام کو بھی شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔