• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کچے میں ڈاکو اور کراچی میں غیر قانونی ہائیڈرنٹس برداشت نہیں، وزیراعلیٰ

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کچے میں ڈاکو اور کراچی میں غیر قانونی ہائیڈرنٹس برداشت نہیں، ڈاکوؤں کیخلاف سخت کارروائی ہوگی لیکن ہتھیار ڈالنے والوں کو موقع دیا جائےگا،وہ منگل کوکچے کے علاقوں میں سیکیورٹی آپریشنز اور کراچی میں پانی کی فراہمی کے مسائل کے حوالے سے منعقدہ اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔ وزیر اعلیٰ ہاوس میں منعقد ہونے والے اجلاس میں صوبائی وزراء، کور کمانڈر کراچی، چیف سیکریٹری اور دیگر اعلیٰ سول و عسکری حکام شریک تھے۔جلاس کو بتایا گیا کہ جنوری 2024 سے اب تک 159 ڈاکو مارے گئے، 823 گرفتار ہوئے اور 8 انتہائی مطلوب مجرموں کو ہلاک کیا گیا، مراد علی شاہ نے کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں اور کراچی میں غیر قانونی ہائیڈرنٹس کے خلاف حکومت کی ’’زیرو ٹالرنس پالیسی‘‘ پر سختی سے عملدرآمد کرنے کا حکم د یتے ہوئے کہا کہ پانی عوام کا حق ہے اور ہر صورت میں اس کا تحفظ کیا جائے گا۔وزیر اعلیٰ نے کچے کے علاقے میں سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا اور ڈاکوؤں کے خلاف قانون نافذ کرنے والے اداروں اور انٹیلی جنس پر مبنی کارروائیوں کو مزید تیز کرنے کے فیصلے کیے۔ انہوں نے زور دیا کہ امن کی بحالی کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جائے گا جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سخت کارروائی ہوگی جبکہ ہتھیار ڈالنے والوں کو قانونی راستہ دیا جائے گا۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ ہم پرعزم ہیں کہ کچے کے علاقے کو ضرورت پڑنے پر سخت کارروائی کے ذریعے پرامن بنایا جائے، لیکن جو لوگ ہتھیار ڈال کر اصلاح چاہیں گے انہیں موقع دیا جائے گا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ اکتوبر 2024 سے کچے میں ٹیکنالوجی پر مبنی کارروائیوں میں تیزی آئی ہے جن کے دوران 760 ٹارگٹڈ آپریشن اور 352 سرچ آپریشن کیے گئے۔
اہم خبریں سے مزید