• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آئی ایم ایف سیلاب کو ایجنڈے پر رکھے، معیشت پر اس کے اثرات کو جائزے میں شامل کیا جائے، وزیراعظم، ایم ڈی IMF اور صدر ورلڈبینک سے ملاقاتیں

اسلام آباد(نیوزرپورٹر)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان کے ساتھ عالمی مالیاتی فنڈ کی دیرینہ تعمیری شراکت داری کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان آئی ایم ایف پروگرام کے تحت مختلف اہداف اور وعدے پورا کرنے کے لئے مسلسل پیش رفت کر رہا ہے‘حالیہ سیلاب کے ملکی معیشت پر اثرات کو آئی ایم ایف کے جائزے میں شامل کیا جانا چاہیے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 80 ویں اجلاس کے موقع پر آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا سے ملاقات کے دوران کیا۔کرسٹالینا جارجیوانے سیلاب متاثرین سے ہمدردی کا اظہار کیا۔ انہوں نے بحالی کے موثر اقدامات کیلئے نقصانات کے تخمینے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔علاوہ ازیں نیویارک میں شہبازشریف اورورلڈ بینک گروپ کے صدر اجے بنگا کی بھی ملاقات ہوئی ‘صدر ورلڈ بینک نے پاکستان کے اصلاحاتی اقدامات کو سراہا اور پاکستان کے ترقیاتی ایجنڈے کے لیے بینک کی طرف سے تعاون کے عزم کا اعادہ کیا‘شہبازشریف اوراجے بنگانے پاکستان کی ترقیاتی ترجیحات کو آگے بڑھانے کے لئے کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک کے تحت تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق آئی ایم ایف سربراہ سے ملاقات کے دوران وزیراعظم نے مختلف اقدامات کے ذریعے آئی ایم ایف کی جانب سے پاکستان کی بروقت حمایت کا اعتراف کیاجس میں مالی سال 2024 میں 3 ارب ڈالر کا اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ، اس کے بعد 7 ارب ڈالر کی توسیعی فنڈ سہولت اور 1.4 ارب ڈالر کی ریزلینس اینڈ سسٹین ایبلٹی ( آر ایس ایف )شامل ہیں۔


اہم خبریں سے مزید