پشاور(جنگ نیوز)چیف کمشنر ایف بی آر پشاور کی ہدایات پر ایڈیشنل کمشنر نور رحمان نے، اسسٹنٹ کمشنرز ملک طاہر اعوان اور محمد رمضان کے ہمراہ کوہاٹ میں مقامی تاجروں کے ساتھ ملاقات اور ٹیکس آگاہی سیشن منعقد کیا۔ اجلاس میں نئے ٹیکس گزاروں کی رجسٹریشن، فائلرز کی ٹیکس اور ایڈوانس ٹیکس ادائیگی، اور سیلز ٹیکس سے متعلق مسائل پر گفتگو ہوئی۔اس موقع پر صدر کوہاٹ چیمبر آف کامرس نے کہا کہ ٹیکس وصولی میں سب سے بڑی رکاوٹ زمینی حقائق کے برعکس پالیسیز ہیں۔ اگر پالیسیز کو علاقائی حالات کے مطابق آسان اور مختلف کیٹیگریز میں تشکیل دیا جائے تو ٹیکس کلیکشن میں خاطر خواہ اضافہ ممکن ہے۔اجلاس میں عبدالروف ایڈووکیٹ، آصف حیات، حاجی عابد خان، عظمت جمیل بنگش اور دیگر تاجر رہنماؤں نے مسائل اجاگر کیے اور تجاویز پیش کیں۔ حکام نے اس بات پر زور دیا کہ ٹیکس فائلنگ نہ صرف کاروباری طبقے کو قانونی تحفظ فراہم کرتی ہے بلکہ ملکی معیشت کے استحکام میں بھی کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔شرکاء نے ایف بی آر کے عوام سے روابط کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے ٹیکس قوانین کی پاسداری اور ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ ایف بی آر حکام نے مسائل اور تجاویز کو اعلیٰ حکام تک پہنچانے کی یقین دہانی کرائی۔ اجلاس میں صادق بنگش، فہیم اللہ خان، محمد نعمان، راشد بنگش، عامر بخاری، آصف زمان اور سمیر حیات سمیت مختلف تاجر رہنما شریک تھے۔