• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی سمیت سندھ میں ضمنی بلدیاتی انتخابات، پیپلز پارٹی کی واضح برتری

کراچی/حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر/بیورو رپورٹ)سندھ کے 14اضلاع کی 28خالی نشستوںبدھ کو ضمنی بلدیاتی انتخابات ہوئے ‘کراچی سمیت اندرون سندھ میں ضمنی بلدیاتی انتخابات میں پیپلز پارٹی نے واضح اکثریت سے کامیابی حاصل کرلی ۔کراچی کے تین اضلاع کی پانچ یوسیز کی چار نشستوں پر پیپلز پارٹی نے جبکہ جنرل ممبر کی ایک سیٹ پرجماعت اسلامی نے کامیابی حاصل کی جبکہ حیدرآباد میں 5یونین کونسل کی خالی 6نشستوں پرضمنی انتخاب میں پیپلزپارٹی کے 2 امیدوار ‘ ٹی ایل پی کے 2امیدوار جبکہ 2آزاد امیدوار کامیاب ہوگئے‘ سکھرکی تینوں نشستوں پی پی امیدوار واضح اکثریت سے کامیاب ہوگئے‘عمرکوٹ کی تین میں سے دوسیٹیں پیپلزپارٹی جبکہ ایک جی ڈی اے کے حصے میں آئی ۔ضلع سجاول کی تحصیل جاتی کی یوسی شاہپور میں چیئرمین کا ضمنی الیکشن ملتوی کردیا گیا‘ آزاد امیدوار حنیف جت نے اپنی نامزدگی واپس لے لی جس کے بعد مظفر علی ہنگورجو بلا مقابلہ چیئرمین منتخب ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں ضمنی بلدیاتی الیکشن کا معرکہ پیپلز پارٹی نے مار لیا۔پیپلز پارٹی کی خاتون امیدوارشہنیلہ عامر یو سی چیئرمین منتخب ہوگئیں۔ غیرسرکاری اور غیرحتمی نتائج کے مطابق یو سی 1ضلع غربی ٹی ایم سی اورنگی میں چیئرمین کی نشست پر پیپلز پارٹی کی شہنیلہ عامر نے 3801ووٹ حاصل کئے جبکہ ٹی ایل پی کے محمد علی نے 1787ووٹ لئے۔ یو سی 8، ٹی ایم سی بلدیہ ، ڈسٹرکٹ کیماڑی سے وائس چیئرمین کیلئے پیپلز پارٹی پارلمینٹیرینز کے محمد فیصل 3132ووٹ لیکر کامیاب ہوگئے ۔یو سی 8، نئی سبزی منڈی ٹی ایم سی سہراب گوٹھ سے پیپلز پارٹی کے شہروز احمد 1790ووٹ حاصل کرکے وائس چیئرمین بن گئے ۔یو سی10،ٹی ایم سی منگھو پیر ٹاؤن سے وائس چیئرمین کیلئے پیپلز پارٹی کے اسٹیفن مسیح نے891ووٹ لیکر کامیابی سمیٹی ‘یو سی 7، وارڈ ٹی ایم سی اورنگی کی جنرل ممبر کی نشست پر جماعت اسلامی کے محمد بلال نصیر نے 791ووٹ حاصل کرکے پہلی جبکہ پیپلز پارٹی پارلمنٹیرین کے شیخ اظہر نے 749ووٹ کے ساتھ دوسری پوزیشن حاصل کی۔

اہم خبریں سے مزید