اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی واصلاحات پروفیسر احسن اقبال نے کہاہے کہ سائنس، ٹیکنالوجی اور معیشت کے میدانوں میں تعاون سے پاک چین دوستی نئی بلندیوں کو چھورہی ہے، سی پیک نے پاکستان کو توانائی اوربنیادی ڈھانچہ کے مسائل سے نکالا، سی پیک کے فیز ٹو میں صنعت، جدید زراعت، معدنیات، سائنس و ٹیکنالوجی اور عوامی روابط کو ترجیح دی جا رہی ہے۔ انہوں نے یہ بات بدھ کوچین کے ہونان صوبے کے گورنر ماو ویمنگ سے ملاقات میں کہی۔ ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے پاک چین تعاون کو مزید وسعت دینے اور سی پیک فیز ٹو کے تحت نئے شعبوں میں شراکت داری پر تبادلہ خیال کیا۔ پروفیسر احسن اقبال نے کہا کہ بیس سے زائد ممالک کے رہنماؤں کی بی ڈو سمٹ میں شرکت خوش آئند ہے۔ انہوں نے ہونان کے چین کی معیشت میں مرکزی کردار کو قابل تعریف قرار دیا اور کہا کہ بی ڈو سسٹم صنعتی ترقی کے لئے جدید معلوماتی نظام فراہم کرتا ہے۔