تفہیم المسائل
موجودہ حالات میں ٹرانسپورٹ کی صورت میں، خواہ وہ ٹرانسپورٹ مسافروں کے لیے ہویا بار برداری اور نقل وحمل کے لیے ہو، ٹرانسپورٹ کمپنی کے مالک پر دیت عائد کی جائے گی، کیونکہ اب عاقلہ کی قدیم صورت موجود نہیں ہے، اب قبائلی نظام نہیں رہا، نیز یہ بھی ہوسکتا ہے کہ حکومت ہرفرد کو انفرادی طور پر پبلک ٹرانسپورٹ کا لائسنس دینے کے بجائے انھیں کمپنیوں کی شکل دے اور وہ کمپنی عاقلہ قرار دی جائے۔
اگر وہ سرکاری یانیم سرکاری ادارہ ہے تو وہ ذمہ دار قرار پائے، پرائیویٹ اداروں کی مثال کارٹیکسی کی کمپنی کریم ہے، ورنہ گاڑی کا مالک ذمے دار قرار پائے گا، لیکن بعض اوقات مالک میں اتنی مالی استطاعت ہی نہیں ہوتی، تو پھر حکومت بیت المال سے اداکرے، جیسے عہدِ خلافت ِ فاروقی میں ایک شخص کے طواف کے دوران ہجوم میں کچل کرمرجانے کے سبب بیت المال پر عائد کی گئی تھی کہ مسلمان کا خون رائیگاں نہیں جاتا۔ مین ہائی وے پرٹرالر کھڑا کرنے والے کی غلطی ہے کہ اُس نے پیچھے آنے والی گاڑیوں کے لیے آگہی کی کوئی علامت مقررنہیں کی، آپ براہِ راست یا عدالت کے ذریعے اس مذکورہ ٹرالر کے مالک سے گاڑی کا نقصان اور دِیت وصول کرسکتے ہیں۔