اسلام آباد ( طاہر خلیل) پاکستان وا ٹلی کے درمیان پارلیمانی شراکت داری بڑھانے پر اتفاق ہوا ہے ،چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے پاکستان اور اٹلی کے درمیان دیرینہ، گرمجوش اور خوشگوار تعلقات کی توثیق کرتے ہوئے کہا ہےکہ دونوں ممالک کی شراکت داری باہمی احترام اور مسلسل بڑھتے تعاون پر قائم ہے۔ انہوں نے یہ بات پاکستان-اٹلی پارلیمانی فرینڈشپ گروپ کے چیئرمین سینیٹر سرمد علی کی جانب سے اٹلی کی سفیر برائے پاکستان مارلینا آرمیلن کے اعزاز میں دیے گئے ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ اٹلی یورپی یونین میں پاکستان کے بڑے تجارتی شراکت داروں میں سے ایک ہے جس سے معاشی اور سیاسی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کی ضرورت اور بھی بڑھ جاتی ہے۔ انہوں نے اٹلی میں مقیم پاکستانی برادری کے کردار کو سراہا جو دونوں ممالک کے درمیان پل کا کردار ادا کر رہی ہے۔اٹلی کی سفیر نے دونوں ملکوں کے ایوانوں میں قائم پارلیمانی فرینڈشپ گروپس کے کام کو سراہا اور اٹلی کی پارلیمان میں اٹلی-پاکستان فرینڈشپ گروپ کی چیئرپرسن سارا فیراری کی جانب سے نیک تمناؤں کا پیغام پہنچایا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ سارا فیراری جلد ہی پاکستان کا دورہ کریں گی۔