• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹرمپ کی شہباز شریف اور عاصم منیر کی خوشدلانہ میزبانی و تحسین

اسلام آباد (محمد صالح ظافر خصوصی تجزیہ نگار) ٹرمپ کی شہباز شریف اور عاصم منیر کی خوشدلانہ میزبانی و تحسین نےمہر تصدیق ثبت کردی کہ موجودہ حکومتی بندوبست کی سیاسی و آئینی حیثیت کو عالمی دارالحکومتوں نے تسلیم کر لیا۔ چین،سعودیہ،یو اے ای، ترکی، قطر، ایران سمیت متعدد دارالحکومتوں میں یہ مناظر بکثرت دیکھے جا چکے ہیں ۔فیلڈ مارشل عاصم منیر کا خیر مقدم فاتح اور بہترین حکمت کار جرنیل کے طور پر ہورہا ہے جو پاکستان کا اعزاز ہے۔کوئی بھارتی جرنیل دنیا کے کسی حصے میں نہیں دیکھا گیا،ملک میں ایک کے بعد دوسرے جشن کا سلسلہ جاری ہے، حکومت کے مخالفین تذبذب میں مبتلا ہیں۔تفصیلات کے مطابق وہائٹ ہاؤس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سےجمعہ کے روز وزیراعظم شہباز شریف اور مسلح افواج کے سربراہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی خوشدلانہ میزبانی اور دونوں کے لئے تحسین کے بعد حکومت کے اس موقف پر مہر تصدیق ثبت ہوگئی ہے کہ اہم ترین عالمی دارالحکومتوں نے پاکستان کے موجودہ حکومتی بندوبست کی سیاسی اور آئینی حیثیت کو نہ صرف تسلیم کرلیا ہے بلکہ وہ اس کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر چلنے کے خواہاں ہیں یہ مناظر چین، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر، آذربائیجان، ترکی اور ایران سمیت کئی دارالحکومتوں میں فراوانی کے ساتھ دیکھنے کے لئے مل چکے ہیں۔قابل اعتماد پارلیمانی ذرائع نے جنگ /دی نیوز کو جمعہ کے روز یہاں بتایا کہ پاکستان کے موجودہ حکومتی انتظام کو پوری دنیا نے نہ صرف فراخدالانہ طور پر تسلیم کرلیا ہے بلکہ پاکستان کے ساتھ اشتراک عمل اور تعاون کے لئے اسے ملک کی تاریخ کی بہترین انتظامیہ میں شمار کیا جاسکتا ہے جس نے پاکستان کو بدترین حالات میں سنبھالا اور اب باوقار طور پر ترقی کی راہ پر لگایا ہے یہی نہیں پاکستان کی جنگی صلاحیتوں اور اس کے دفاعی مقام کوبھی پوری دنیا نے مان لیا ہے۔

اہم خبریں سے مزید