ممبئی/سڈنی(جنگ نیوز) بالی ووڈ کی تاریخ ساز فلم شعلے، جسے بھارتی سینما کا کلاسک شاہکار مانا جاتا ہے ریلیز کے 50 برس بعد ایک منفرد انداز میں دوبارہ سینما گھروں میں دکھائی جائے گا۔
اس بار فلم کا وہ اصل اختتام پیش کیا جائے گا جو سنسرشپ کے باعث 1975 میں ریلیز ورژن سے کاٹ دیا گیا تھا۔
انٹرنیشنل فلم فیسٹیول آف سڈنی (IFFS) نے اعلان کیا ہے کہ 9 سے 11 اکتوبر کے دوران فلم کے "ان دیکھے انجام" کو دنیا کے سامنے لایا جائے گا۔
شائقین کے لیے یہ موقع اس لیے بھی خاص ہوگا کہ وہ فلم کو اسی شکل میں دیکھ سکیں گے جیسی کہ ہدایت کار رمیش سپی نے ابتدا میں تخلیق کی تھی۔
یاد رہے کہ شعلے اپنی ریلیز کے وقت سے ہی مقبولیت کا جادو جگاتی رہی اور آج بھی بھارتی سینماکی کامیاب ترین فلموں میں شمار ہوتی ہے۔