کراچی ( اسٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ آئیے! ہم سب مل کر سندھ کو دنیا کا سیاحتی شاہکار بنائیں۔ سندھ میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت نئے سیاحتی منصوبے شروع کئے جارہے ہیں جبکہ جدید ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے سندھ کی سیاحت کو دنیا بھر میں اجاگر کیا جارہا ہے۔ سندھ کی سیاحت پاکستان کی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گی، عالمی یوم سیاحت کے موقع پر اپنے پیغام میں مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ اس سال یوم سیاحت "سیاحت اور پائیدار تبدیلی" کے عنوان سے منایا جارہا ہے جو ہمیں اس بات کی یاد دہانی کراتا ہے کہ سیاحت نہ صرف معاشی ترقی بلکہ سماجی خوشحالی کی ضمانت بھی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ سندھ کی پہچان موہن جو دڑو، رنی کوٹ قلعہ، گورکھ ہل، ہالیجی، کینجھر و منچھر جھیلیں اور صحرائے تھر جیسے تاریخی و قدرتی مقامات ہیں۔ سندھ کے سمندر، دریا، کارونجھر اور کھیرتھر کے پہاڑی نظارے دھرتی کی خوبصورتی کو اجاگر کرتے ہیں۔