• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سعودی وفد کان کنی، توانائی، آئی ٹی، زراعت، مالیاتی خدمات، سیمی کنڈکٹرز، تعمیرات کے شعبوں میں مواقع تلاش کرے گا، حکام

اسلام آباد (خالد مصطفیٰ) معاشی تعاون کو مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم قدم کے طور پر، سعودی عرب سے ایک اعلیٰ سطح 15رکنی کاروباری وفد 5 اکتوبر (اتوار) کو پاکستان پہنچ رہا ہے جو کہ نجی شعبے کی سرمایہ کاری اور معیشت کے اہم شعبوں میں کاروباری شراکت داری (بی ٹو بی) کے لیے ایک نئی کوشش کا اشارہ ہے۔ حکام نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ وفد کان کنی، توانائی، آئی ٹی، زراعت، مالیاتی خدمات، تعمیرات کے شعبوں کے ساتھ ساتھ سیمی کنڈکٹرز اور فوڈ انڈسٹری میں مشترکہ منصوبوں کے لیے سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرے گا اور انہیں پاکستانی ہم منصبوں کے ساتھ براہ راست کاروباری معاہدے کرنے کی بھی سہولت حاصل ہوگی۔وزارت تجارت کے ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ وفد کی قیادت ایک سینئر کابینہ وزیر کر رہے ہیں جو سعودی شاہی خاندان کے بھی رکن ہیں۔ وفد کو سعودی حکومت کی مکمل حمایت حاصل ہے، جس کی وجہ سے حالیہ برسوں میں یہ پاکستان کا دورہ کرنے والا خلیجی ممالک کا سب سے بااثر کاروباری وفد ہے۔ وفد کی وزیراعظم شہباز شریف‘اہم کابینہ ارکان ‘خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے سینئر حکام کے ساتھ اعلیٰ سطح ملاقاتیں متوقع ہیں۔ایس آئی ایف سی کے اقدامات کی بدولت، پاکستان کی سعودی عرب کو برآمدات میں 22 فیصد اضافہ ہوا ہے، جس سے کل تجارتی حجم 546 ملین ڈالر سے بڑھ کر 700 ملین ڈالر تک پہنچ گیا ہے۔

اہم خبریں سے مزید