کراچی (نیوز ڈیسک) اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے سیکنڈ سیکرٹری محمد راشد کا بھارت کو کرارا جواب، انڈین الزامات کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت سرحد پار دہشت گردی کا سرپرست ملک ہے، ہمسایوں کو دھمکاتا ہے،رویہ بین الاقوامی قانونی نظام کیلئے خطرناک مثال ہے، سرحد سے باہر ٹارگٹ کلنگ،کھلی جارحیت کا مرتکب ، عالمی برادری ایسے غیر قانونی اور غیر ذمہ دارانہ رویے کو ہرگز نظر انداز نہ کرے، خطے کیلئے عدم استحکام کی سب سے بڑی وجہ انڈیا،جنوبی ایشیا کو اپنے تسلط کے ارادوں اور انتہا پسند سوچ کے ذریعے یرغمال بنا رکھا ہے، جموں وکشمیر پر قبضہ ، شہریوں پر جبر ،بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ،ماورائے عدالت قتل کے ذریعے شہریوں کو اجتماعی سزا دی جارہی ہے۔ہفتے کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب میں بھارتی وزیر خارجہ سبرامنیم جے شکر نے ایک بار پھر پاکستان کیخلاف ہرزہ سرائی کرتے ہوئے الزامات عائد کئے۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کے سیکنڈ سیکرٹری محمد راشد نے انڈین الزامات مسترد کر تے ہوئے کہا کہ آج ہمیں ایک رکن ملک کی مانوس بیان بازی پھر سننے کو ملی۔ جو کہا گیا اسکا اندازہ تھا۔ پاکستان کو بدنام کرنے کی کوشش کی گئی۔ بیان بازی اور گمراہ کن معلومات پر انحصار کیا گیا اور (الزامات) ہمیشہ کی طرح حقائق سے مکمل طور پر خالی ہیں۔دہشت گردی کیخلاف جنگ میں 90 ہزار سے زائد جانوں کی قربانی کا تذکرہ کرتے ہوئے پاکستانی سفارت کار نے کہا کہ ہماری قربانیوں کو عالمی سطح پر تسلیم کیا گیا۔ دہشت گردی کے خاتمے کی عالمی کوششوں کی قیادت میں ہم مضبوط ترین ستونوں میں سے ہیں۔انہوں نے کہا انڈیا کےالزامات بدنیتی پر مبنی ہیں، جو اس ایک ملک کی جانب سے لگائے جا رہے ہیں جو بدقسمتی سے پاکستان کا پڑوسی ہے۔ اس نے جان بوجھ کر جھوٹ دہرانے کی کوشش کی تاکہ اسے سچ مان لیا جائے۔