اسلام آ باد ( نیوز رپورٹر)صدرِ مملکت آصف علی زرداری ک نےعالمی دن برائے معلومات تک رسائی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ غلط معلومات اور جعلی خبروں کے ذریعے سچ کو مسخ کیا جانا بڑا چیلنج ہے ،وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا معلومات کا آزادانہ بہاؤ اچھی حکمرانی کو مضبوط اور ایک جمہوری حق ہے۔ جبکہ چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ اطلاعات و آگاہی روشن معاشرے اور جمہوریت کی سانس ہے صدرِ مملکت نے عوام سے اپیل کی کہ سوشل میڈیا پر غیر مصدقہ معلومات کے پھیلاؤ سے گریز کیا جائے معلومات کا آزادانہ بہاؤ شفافیت، جوابدہی اور اچھی حکمرانی کو فروغ دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جعلی خبروں کا پھیلاؤ قومی یکجہتی اور اداروں پر عوامی اعتماد کو نقصان پہنچاتا ہے۔ذمہ دارانہ رپورٹنگ اور درست معلومات کی فراہمی جمہوری استحکام کے لیے ناگزیر ہے۔ صدرِ مملکت نے کہا کہ معلومات تک بروقت اور درست رسائی شہریوں کو بااختیار بناتی ہے۔۔ باخبر معاشرہ ہی شفافیت، ترقی اور انصاف کی بنیاد رکھتا ہے۔ صدرِ آصف علی زرداری نے ہدایت کی ہے کہ تمام ادارے معلومات تک رسائی کے نظام کو مزید مؤثر بنائیں۔ محمد شہباز شریف نے کہا کہ آج کی آپس میں جڑی ہوئی دنیا میں، معلومات کا آزادانہ بہاؤ اچھی حکمرانی کو مضبوط کرتا ہے، سماجی شمولیت کو فروغ دیتا ہے، اور ریاست اور اس کے لوگوں کے درمیان اعتماد کی فضا قائم کرتا ہے۔ باخبر معاشروں کے ذریعے ہی قومیں امن، انصاف، اور پائیدار ترقی کی جانب بڑھ سکتی ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ معلومات تک رسائی کے عالمی دن کے موقع پر حکومت پاکستان ہر شہری کے اس بنیادی حق کی غیر متزلزل توثیق کرتی ہے کہ وہ معلومات کی تلاش، وصول اور ترسیل کرے۔