اسلام آباد (محمد صالح ظافر /خصوصی تجزیہ نگار) قومی اسمبلی کاآج مسلسل تیسرا اجلاس شروع ہوگا، کوئی اپوزیشن لیڈر نہیں ہو گا ۔قائد حزب اختلاف کے تقرر پراپوزیشن میں شدید اختلافات، بانی تحریک کے نامزد محمود اچکزئی کیخلاف بغاوت ہو گئی۔قائد حزب اختلاف کا تقرر نہ ہونے سے نئے چیف الیکشن کمشنر کا تقرر بھی کھٹا ئی میں پڑا رہے گا،تحریک انصاف اجلاس میں ہنگامہ و احتجاج کے بعد بائیکاٹ کریگی۔ سینیٹ اجلاس میں بھی قائد حزب اختلاف نہیں ہوگا، دونوں ایوانوں میں حکومت کو خراج تحسین پیش کیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق آج (پیر) یہاں پارلیمنٹ ہائوس میں قومی اسمبلی کا بیسواں اجلاس شروع ہوگا تو مسلسل تیسرا اجلاس ہوگا جس میں حزب اختلاف کی نشست خالی ہوگی سابق قائد حزب اختلاف عمر ایوب خان کو دس سال قید با مشقت کی سزا سنائے جانے اور انہیں نا اہل قرار دیئے جانے کے بعد تحریک انصاف کے داخلی انتشار کے باعث قائد حزب اختلاف کی تقرری کے لئے مفاہمت نہیں ہوسکی تحریک انصاف کا بانی پختون خواہ ملی عوامی پارٹی کے چیئرمین محمود خان اچکزئی کو قائد حزب اختلاف بنانے کا خواہاں ہے جسے حزب اختلاف کے ارکان کی اکثریت نے مسترد کردیا تھا جس کے باعث قائد حزب اختلاف کی نامزگی لگاتار کھٹائی میں پڑتے چلی آرہی ہے۔