• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسرائیلی حملوں سے غزہ شہر کھنڈر، شہادتیں 66 ہزار سے متجاوز، لاکھوں محصور، فلوٹیلا فلسطینیوں کے مزید قریب

کراچی (نیوز ڈیسک) اسرائیلی حملوں سے غزہ شہر کھنڈر بن گیا، شہادتیں 66ہزار سے متجاوز، ہزاروں محصور، فلوٹیلا فلسطینیوں کے مزید قریب پہنچ گیا۔ پناہ گزین کیمپوں پر بار بار بمباری، شہری مالی مشکلات کے باعث نقل مکانی سے قاصر، 24 گھنٹوں میں 77فلسطینی شہید، 379زخمی، امداد لینے والے بھی نشانہ بنے۔صہیونی ٹینک رہائشی علاقوں سبرا، تل الحوا، شیخ رضوان اور نصر میں داخل، ریموٹ کنٹرول دھماکہ خیز گاڑیوں و روبوٹس سے پوری عمارتیں اور محلے تباہ کیے گئے۔اسرائیلی کارروائیاں یرغمالیوں کی زندگیوں کیلئے بھی خطرہ بن گئیں، مغربی کنارے میں فائرنگ سے فلسطینی شہید، صہیونی پارلیمان میں دہشت گردی الزام پر سزائے موت کا بل منظور کرلیا گیا۔ اسرائیلی فوج نے غزہ پر حملوں میں شدت لاتے ہوئے رہائشی محلوں، پناہ گزین کیمپوں، اسکولوں اور ہسپتالوں کو مسلسل نشانہ بنایا ہے، جس سے شہر کھنڈر میں بدل گیا ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق اسرائیلی ٹینک سبرا، تل الحوا، شیخ رضوان اور نصر کے گنجان آباد محلوں میں داخل ہو چکے ہیں، جبکہ ریموٹ کنٹرول دھماکہ خیز روبوٹس اور گاڑیوں کے ذریعے پوری پوری عمارتیں تباہ کر دی جا رہی ہیں۔ نُصیرات اور الشاطی پناہ گزین کیمپوں سمیت کئی علاقے بار بار بمباری کی زد میں ہیں، جہاں مالی مشکلات کے باعث اکثر شہری نقل مکانی سے قاصر ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں کم از کم 77 فلسطینی شہید اور 379 زخمی ہوئے ہیں، جن میں وہ چھ شہری بھی شامل ہیں جو خوراک و امداد لینے نکلے تھے۔ خان یونس میں ڈھائی ماہ کے بچےایاد محمود ابو جمہ کی موت بھوک اور علاج نہ ملنے کے باعث واقع ہوئی، کیونکہ اسرائیل نے سخت محاصرہ کر کے خوراک اور دوائیوں کی ترسیل روک رکھی ہے۔
اہم خبریں سے مزید