کوئٹہ (آن لائن) پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنماء سردار نور احمد بنگلزئی نے کہا ہے کہ قبائلی تنازعات کا خاتمہ کرکے بلوچستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جاسکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز رند لانگو اور عمرانی قبائل کے درمیان دیرینہ تنازعہ کے خاتمے کے موقع پر میڑھ اور جرگے کے شرکاء سے اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر بلوچستان نیشنل پارٹی سابق رکن صوبائی اسمبلی میر اختر حسین لانگو کی سربراہی میں رند ، لانگو اور عمرانی قبائل کے درمیان جاری تنازعہ کا فیصلہ کیا گیا، جرگے میں میر عبداللطیف رند ،میر گل محمد عمرانی ، میر محمد عمر بنگلزئی ۔ٹکری اللہ نور رند ،ٹکری منیر احمد بنگلزئی ،میر جمال لانگو ،مہر اللہ لانگو ،ملک فہیم شاہوانی ،گل محمد عمرانی ،ٹکری فیاض شاہوانی ،وڈیرہ محمد یوسف ،حاجی دل مراد رند ،میر سلیم شاہوانی ،رئیس شوکت علی عمرانی ،میررحیم زہری ،میرعلی مراد رندسمیت مختلف قبائل کے معتبرین، معززین اور علاقائی شخصیات موجود تھیں،مذکورہ قبائلی روایات، بھائی چارے اور امن کا اہم فیصلہ قرار دیا۔یہ تنازعہ رند لانگو اور عمرانی 3 فریقین کے درمیان خونی تنازعہ کئی عرصہ سے جاری تھا، جس کے نتیجے میں قیمتی جانیں ضائع ہوئیں اور علاقائی امن و ترقی متاثر ہوئی۔ قبائلی رہنمائوں چیف آف بنگلزئی سردار نور احمد بنگلزئی اور میر اختر حسین لانگو نے مسلسل جرگے کی مشاورت سے دونوں فریقین کو مشاورت کی میز پر بٹھایا اور مفاہمت کا ماحول پیدا کیا۔بنگلزئی ہائوس میں ہونے والے جرگے میں تمام فریقین کی باہمی رضامندی، معززین کی گواہی اور قبائلی روایات کے مطابق فیصلہ کیا گیا جس کے بعدفریقین نے ایک دوسرے کو معاف کرتے ہوئے آئندہ امن سے رہنے کا عہد کیا۔اورفریقین دیرینہ رنجشوں کو بلاکر آپس میں شیر و شکر ہوگئے۔ شرکاء سے چیف آف بنگلزئی سردار نور احمد بنگلزئی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ہمارے لئے خوشی کا دن ہے کہ خونی تنازعہ کو باہمی رضا مندی سے ختم کرکے قبائلی اور اسلامی روایات کی پاسداری کی ہے تاکہ معاشرے میں امن محبت اور بھائی چارے کو فروغ مل سکے اور صوبے کی تعمیر وترقی اور استحکام کیلئے ہم سب ملکر اپنا کردار ادا کریں ۔