کراچی(محمد ندیم،اسٹاف رپورٹر) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو اکاؤنٹ معطل کئے جانے سے متعلق مقدمے کے تصفیے کے طور پر یو ٹیوب 6 ارب 89 کروڑ 30 لاکھ روپے (24.5 ملین ڈالر) ادا کرے گا اس طرح دنیا کے تین بڑے سوشل میڈیا گروپ ایکس، فیس بک اور یو ٹیوب مجموعی طور پر صدر ٹرمپ کو 16 رب 87 کروڑ روپے کی ادائیگی کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق یوٹیوب نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو اپنے اکاؤنٹ معطلی کے خلاف دائر کئے جانے سے متعلق مقدمے کے تصفیے میں 2کروڑ 45لاکھ ڈالر ادا کرنےپر اتفاق کیا ہے اکاؤنٹ 6 جنوری 2021 کو امریکہ کے کیپٹل ہل کے فسادات کے تناظر میں معطل کیا گیا تھا۔صدر ٹرمپ نے 2021میں مقدمہ دائر کیا تھا جس میں الزام لگایا گیا تھا کہ قدامت پسند نقطہ نظر کو غیر قانونی طورپر خاموش کیا گیا۔ٹرمپ نے ٹوئٹر،اب ایکس،اور فیس بک کی مالک میٹا،گوگل اور ان کے چیف ایگزیکیوٹوز کے خلاف مقدمہ دائر کیا تھا۔