• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مریم نواز کی تقاریر پر پی پی ناراض، حکمران اتحاد سے علیحدگی کی دھمکی، اسمبلی و سینیٹ سے واک آؤٹ

اسلام آ باد ( رانا غلام قادر/ایجنسیاں ) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازکی تقاریرپرپیپلزپارٹی ناراض ‘قومی اسمبلی اور سینیٹ سے واک آؤٹ ‘ حکمراں اتحاد سے علیحدگی کی دھمکی دیدی ‘ پی پی رکن نوید قمر کا کہناتھاکہ ایسے ہی حالات رہے تو اپوزیشن بینچز پر چلے جائیں گے‘ضمیر گھمرو نے اعلان کیا کہ جب تک وزیر اعلیٰ پنجاب معافی نہیں مانگتیں، پیپلز پارٹی کسی قانون سازی میں شریک نہیں ہوگی‘سینیٹر شیری رحمن نے کہا کہ اتحادیوں کے خدشات کو سنجیدگی سے لینا ہوگا‘جمعہ کو اسی مسئلے پر تحریکِ التوا ایوان میں زیر بحث آئے گی‘پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما ندیم افضل چن کے مطابق پنجاب کارڈ کھیلنا مودی کی زبان ہے‘پاکستان سب کا ہے‘شازیہ مری نے کہاکہ کوئی صوبہ کسی کی ذاتی ملکیت نہیں‘سیاست کو چمکانے کے لیے تقسیم اور نفرت پھیلانا درست نہیں‘سینیٹر رانا ثناء اللہ نے کہا کہ مسائل کا حل صرف بات چیت سے ہی ممکن ہےجبکہ وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے پیپلزپارٹی ارکان سے معذرت کرلی۔ صورتحال کی نزاکت کو بھانپتے ہوئے اسپیکر ایاز صادق نے اجلاس جمعہ تک کیلئے ملتوی کردیاالبتہ پی ٹی آئی ارکان نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کو اپو زیشن بنچوں پر آنے کی دعوت دیدی‘ اعظم نذیرتارڑ نے جواب میں کہا کہ اپو زیشن کے دوستوں کو خوش ہونے کی ضرورت نہیں‘یہ ہمارے گھر کا معاملہ ہے‘حل کرلیں گے۔ اتحادیوں کے شکوے دور کریں گے۔ قبل ازیں قومی اسمبلی کا اجلاس شروع ہوا تو نکتہ اعتراض پرسید نوید قمر نے کہا کہ اس وقت ہمارا ملک سیلاب کی صورتحال سے گزر رہا ہے‘لوگوں کے گھر اور فصلیں تباہ ہو چکی ہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کی تقریر سے بہت دکھ ہوا۔وزیر اعلیٰ کہتی ہیں ہم کینالز بھی بنائیں گے۔ ہمارا پانی ہے۔کیا مطلب ہمارا پانی ہے۔یہ سب کا پانی ہے۔ہم تو کئی سالوں سے طعنے سن رہے ہیں کہ یہ حکومت کو کندھا دیے بیٹھے ہیں۔جس طرح کہ حالات ہیں حکومت کے ساتھ چلنا مشکل ہے۔
اہم خبریں سے مزید