پشاور(نمائندہ جنگ)خیبر پختونخوا کابینہ کے دو وزراء فیصل ترکئی اور عاقب اللہ نے اپنی وزارتوں سے استعفیٰ دیدیا،وزیر اعلیٰ دونوں وزرا کی کارکردگی سے مطمئن نہیں تھے اور ان کی وزارتیں تبدیل کرنا چاہتے تھے،وزیر اعلیٰ نے جب انہیں بتایا تو دونوں نے اپنے استعفے وزیرا علی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کو ارسال کردیئے، جس کے بعد تحریک انصاف حکومت میں ایک مرتبہ پھر اختلافات اور گروپ بندی میں شدت آگئی ہے،صوبائی وزیر ابتدائی و ثانوی تعلیم فیصل خان ترکئی نے اپنے استعفے میں کہا ہے کہ وزیر تعلیم کی حیثیت سے انہوں نے اپنے قائد عمران خان کے ویژن کے مطابق شفافیت، میرٹ اور کارکردگی کو یقینی بنانے کی بھرپور کوشش کی ، انہوں نے کہا کہ یہ ان کے لئے اعزاز کی بات رہی کہ انہیں تعلیم کے شعبے میں اصلاحات اور ترقی کے عمل کا حصہ بنایا گیا تاہم وہ پی ٹی آئی اور عمران خان کے ویژن کے ساتھ اپنی وابستگی جاری رکھیں گے۔اسی طرح صوبائی وزیر آبپاشی عاقب اللہ خان نے بھی اپنے استعفے میں اعتراف کیا کہ وزارت کے دوران انہوں نے عمران خان کے اعتماد پر پورا اترنے اور محکمہ آبپاشی کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لئے بھرپور جدوجہد کی ۔