اسلام آباد(نیوز ڈیسک) سابق برطانوی نوآبادیات کی دولت مشترکہ کامن ویلتھ آبزرور گروپ (COG) نے پاکستان کے عام انتخابات 2024 پر اپنی حتمی رپورٹ جاری کردی ہے، جس میں انتخابی عمل میں بہتری کے لیے متعدد سفارشات پیش کی گئی ہیں۔نائیجیریا کے سابق صدر ڈاکٹر گڈلک جوناتھن کی سربراہی میں 13 رکنی وفد نے انتخابات کا مشاہدہ کیاتھا اس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بعض حالات نے بنیادی سیاسی حقوق کو محدود کیا اور ایک جماعت کی انتخابی مہم کو متاثر کیا، جبکہ انتخابی رات سیلولر سروسز کی بندش نے شفافیت اور نتائج کے حصول میں مشکلات پیدا کیں۔مبصرین نے اعتراف کیا کہ ان عوامل سے انتخابی عمل کی شفافیت اور شمولیت پر سوالات اٹھے، تاہم انہوں نے الیکشن کمیشن کے اقدامات کو بھی سراہا۔