اسلام آباد (صالح ظافر) وفاقی حکومت نے سیلاب متاثرین کےلیے آئی ایم ایف سے مزید ریلیف ایڈجسٹمنٹ مانگنے کا عندیہ دیا ہے۔ وزیر خزانہ و ریونیو سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت حالیہ سیلاب سے ہونے والے نقصانات کا تخمینہ لگانے میں مصروف ہے، جو جلد آئی ایم ایف کو پیش کیا جائے گا تاکہ مزید ریلیف ایڈجسٹمنٹ حاصل کی جا سکے۔ پارلیمنٹ ہاؤس میں منگل کے روز جنگ/دی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے واضح کیا کہ حکومت نے فی الحال کسی ’’فلاڈ ٹیکسیشن‘‘ (سیلاب ٹیکس) عائد کرنے کا فیصلہ نہیں کیا۔ حتمی فیصلہ قومی سطح پر جاری نقصان کے تخمینے کی روشنی میں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب تباہ کن ثابت ہوئے ہیں اور اس سے معیشت متاثر ہوئی ہے، تاہم ہماری مزاحمت اور استقامت سے ہم بڑے نقصانات کے باوجود مشکلات پر قابو پالیں گے۔