اسلام آباد ( خصوصی نامہ نگار ) انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد علی ناصر رضوی نے شہریوں کو بہتر ین سہولیات کی فراہمی اور سروسز کی موثر نگرانی کیلئے ٹریفک ہیڈکوارٹرز فیض آباد کا اچانک دورہ کیا، اس موقع پر انہوں نے لائسنسنگ برانچ میں جاری خدمات کا تفصیلی جائزہ لیا اور شہریوں سے براہ راست ملاقات کر کے ان کے مسائل اور تجاویز سنیں،دورے کے دوران چیف ٹریفک آفیسر اسلام آباد کیپٹن (ر) حمزہ ہمایوں نے آئی جی اسلام آبادکو مختلف کاونٹرز کا معائنہ کروایا اور سروسز، پروسیسنگ اور دیگر امور پر بریفنگ دی، آئی جی اسلام آباد نے عملے کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کا عمل مزید آسان، تیز اور شفاف بنایا جائے تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے،انہوں نے اس موقع پر فرینڈز آف پولیس پروگرام کے تحت موجود طلباءو طالبات سے بھی ملاقات کی اور انہیں پولیس اور عوام کے باہمی تعاون کی اہمیت سے آگاہ کیا،آئی جی اسلام آبادنے نوجوانوں کے کردار کو معاشرتی بہتری میں کلیدی قرار دیتے ہوئے ان کی حوصلہ افزائی کی،انہوں نے عملے کو تاکید کی کہ شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں، ان کی رہنمائی کریں اور ہر شہری کو بلاامتیاز بہترین سروسز فراہم کریں، انہوں نے کہا کہ اسلام آباد پولیس کا مقصد صرف قانون کا نفاذ نہیں بلکہ شہریوں کو سہولیات فراہم کرنا بھی اولین ترجیح ہے۔