کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر) سی ٹی ڈی اور سیکورٹی وفورسز کے کوئٹہ کلی اغبر گ ٗ شیرانی اور تربت دشت میں ٹارگٹڈ آپریشنزکے دوران فائرنگ کے تبادلے میں فتنہ الخوارج وفتنہ الہندوستان کے 21دہشت گرد ہلاک ہو گئے، بھاری مقدار میں اسلحہ ٗ گولہ بارود انڈر بیرل گرنیڈ لانچر ٗ راکٹ ٗ موٹرسائیکلیں اور دیگر دستاویزات قبضے میں لے لی گئیں،کلی اغبرگ میں مارے جانے والے10 دہشت گرد کارروائی کیلئے موٹرسائیکلوںپر کمپائونڈ سے نکل رہے تھے ہلاک دہشت گرد سیکورٹی فورسز ٗ پولیس اور اہم تنصیبات پر حملوں میں ملوث تھے ۔ علاوہ ازیں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کوئٹہ اور کیچ میں فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے خلاف دو مختلف کامیاب کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کو شاباش دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے پر عزم ہیں۔سیکورٹی ذرائع کے مطابق سی ٹی ڈی کے حکام کو خفیہ اطلاع ملی تھی کہ فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں نے کوئٹہ میں ایک اور دہشت گردی کا منصوبہ بنایا ہے اور اس مقصد کیلئے دہشت گرد کوئٹہ کے علاقے کلی اغبرگ میں موجود ہیں اور کسی بھی وقت دہشت گردی کر سکتے ہیں جس پر سی ٹی ڈی کی بھاری نفری نےگزشتہ شب کلی اغبرگ میں قائم ایک کمپائونڈ کو گھیرے میں لے لیا اسی دوران دہشت گرد موٹرسائیکلوں پر کارروائی کیلئے نکل رہے تھے کہ سی ٹی ڈی ٹیم کو دیکھتے ہی شدید فائرنگ شروع کر دی۔