• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایشیا کپ ٹرافی نہ ملنے پر بھارت بلبلانے لگا، سازشیں شروع، محسن نقوی کیخلاف محاذ کھول لیا

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ جیتنے کے باوجود ٹرافی نہ ملنے پر بھارتی کرکٹ بورڈ بلبلا رہا ہے۔ لیکن ہٹ دھرمی نے بھارتی کرکٹ بورڈ کو عالمی سطح پر تنقید کی زد میں لا کھڑا کیا ہے، لیکن بجائے خود احتسابی کے، بی سی سی آئی نے ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے چیئرمین محسن نقوی کے خلاف محاذ کھول دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق بھارتی بورڈ کے اعلیٰ حکام نے محسن نقوی کے خلاف دبئی پولیس میں ’’ٹرافی زبردستی رکھنے‘‘ کی تحریری شکایت درج کرانے کی تیاری شروع کر دی ہے، ساتھ ہی اے سی سی میں تحریکِ عدم اعتماد اور آئی سی سی میں ضابطہ اخلاق کے تحت کارروائی پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔ یہ سب کچھ اس وقت سامنے آیا جب محسن نقوی نے منگل کو ہونے والے اے سی سی اجلاس میں بھارتی دباؤ کو مسترد کرتے ہوئے اپنے پرانے اصولی موقف کو برقرار رکھا۔ اجلاس میں بی سی سی آئی کے نمائندوں کی جانب سے ٹرافی کے حوالے سے اٹھائے گئے اعتراضات کو کوئی خاص پذیرائی نہیں ملی، جس کے بعد بھارتی میڈیا اور بورڈ کی جھنجھلاہٹ میں اضافہ ہو گیا ہے۔ ادھر پی سی بی کی جانب سے ایشیا کپ کے بعد ڈائریکٹر انٹرنیشنل عثمان واہلہ کو عارضی طور پر معطل کیا گیا تھا، مگر کسی رسمی کارروائی کے بغیر وہ دوبارہ اپنی ذمہ داریاں سنبھال چکے ہیں، جس پر بھارتی میڈیا میں مزید اشتعال پایا جا رہا ہے۔ اس پورے معاملے پر اب دنیا کے ممتاز کرکٹرز بھی بولنا شروع ہو گئے ہیں۔ جنوبی افریقہ کے سابق کپتان اے بی ڈویلیئرز نے دو ٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ بھارتی ٹیم شاید خوش نہیں تھی کہ اسے ٹرافی کس سے لینی ہے، لیکن یہ بات کرکٹ کے دائرے سے باہر ہے۔ سیاست کو کھیل سے الگ ہونا چاہیے، یہ سب دیکھنا دکھ اور نفرت کا باعث ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹرافی ایک کھیل کا جشن ہوتا ہے، جسے سیاسی انا کی نذر نہیں کرنا چاہیے۔