کراچی(اسٹاف رپورٹر)ملٹی نیشنل کمپنی پراکٹر اینڈ گیمبل(پی اینڈ جی)کا پاکستان سے بزنس ختم کرنے کا اعلان ، صارفین کو تھرڈ پارٹی ڈسٹری بیوٹرز کے ذریعے مصنوعات فراہم کی جائیں گی، جیلیٹ پاکستان لمیٹڈ نے اعلان کیا ہے کہ اس کی پیرنٹ کمپنی پراکٹر اینڈ گیمبل(پی اینڈ جی)نے پاکستان میں اپنا کاروبار بند کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔کمپنی جانب سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس)کو بھیجے گئے نوٹس میں کہا گیا کہ جیلیٹ کمپنی ایل ایل سی نے جیلیٹ پاکستان لمیٹڈ اور اس کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کو آگاہ کیا ہے کہ پراکٹر اینڈ گیمبل نے اپنی عالمی ری اسٹرکچرنگ پالیسی کے تحت پاکستان میں اپنے بزنس کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس میں پورٹ فولیو، سپلائی چین اور تنظیمی تبدیلیاں شامل ہیں تاکہ ترقی اور قدر میں اضافہ کیا جا سکے۔جیلیٹ پاکستان لمیٹڈ نے مزید کہا کہ بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس جلد طلب کیا جائے گا تاکہ اس کاروباری فیصلے کے بعد کیے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا جا سکے، جن میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج سے ممکنہ ڈیلِسٹنگ بھی شامل ہے۔