• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غزہ، جنگ بندی کے قریب، ٹرمپ، قطر سعودی عرب، امارات، ترکیہ، اردن، مصر اور انڈونیشیا کا شکریہ، شہباز شریف

اسلام آباد (نیوز رپورٹر، ایجنسیاں)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے غزہ میں امن کیلئے حماس کے ردعمل کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہاہے کہ حماس کا ردعمل جنگ بندی کا موقع ہے، اسے ضائع نہیں ہونے دینا چاہیے، الحمدللہ، ہم جنگ بندی کے قریب ہیں، مسئلے کے حل کیلئے صدر ڈونلڈ ٹرمپ ، قطر، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، ترکیہ، اردن، مصر اور انڈونیشیا کی قیادتوں کا شکریہ ادا کرنا لازم ہے،نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود اور مصر کے وزیر خارجہ ڈاکٹر بدر عبدلطی سے ٹیلی فون پر بات چیت کی اور علاقائی پیش رفت بالخصوص غزہ کی صورتحال کے بارے تبادلہ خیال کیا، دفتر خارجہ نے حماس کے ردعمل کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ موقع غزہ میں یرغمالیوں اور فلسطینی قیدیوں کی رہائی کیلئے اہم ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نے ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ الحمدللہ، ہم جنگ بندی کے اْس مقام کے قریب ہیں جہاں ہم اس نسل کْشی کے آغاز کے بعد سے کبھی نہیں پہنچے تھے، پاکستان نے ہمیشہ فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑا رہنے کا عزم رکھا ہے اور ہمیشہ اْنکے ساتھ کھڑا رہے گا۔ شہباز شریف نے پیغام میں لکھا کہ حماس کے جاری کردہ بیان نے جنگ بندی اور امن کے قیام کیلئے ایک موقع فراہم کیا ہے، جسے ہمیں کسی صورت ضائع نہیں ہونے دینا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ان شا اللہ، پاکستان اپنے تمام شراکت داروں اور برادر ممالک کے ساتھ مل کر فلسطین میں دائمی امن کیلئے کوششیں جاری رکھے گا۔ دریں اثناء پاکستان نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اعلان کردہ منصوبے پر حماس کے ردعمل کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ایک اہم موقع فراہم کرتا ہے کہ فوری جنگ بندی کو یقینی بنایا جائے، غزہ میں معصوم فلسطینیوں کے خونریزی کو روکا جائے، یرغمالیوں اور فلسطینی قیدیوں کی رہائی عمل میں لائی جائے، انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد کی بلا رکاوٹ فراہمی کو یقینی بنایا جائے، اور دیرپا امن کیلئے ایک قابلِ اعتماد سیاسی عمل کی راہ ہموار کی جائے، اسرائیل کو فوری طور پر حملے بند کرنے چاہئیں۔

اہم خبریں سے مزید