• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حماس اور اسرائیل کے درمیان غزہ میں جنگ بندی اور قیدیوں کی رہائی سے متعلق بالواسطہ مذاکرات کا آغاز آج سے مصر میں ہوگا

قاہرہ ، کراچی (اے ایف پی، نیوز ڈیسک) حماس اور اسرائیل کے درمیان غزہ میں جنگ بندی اور قیدیوں کی رہائی سے متعلق بالواسطہ مذاکرات کا آغاز آج پیر کے روزمصرکے سیاحتی مقام شرم الشیخ میں ہوگا، دنیا کی نظریں قاہرہ پر مرکوز ہیں، حماس کے مذاکرات کار قاہرہ پہنچ گئے ہیں جبکہ اسرائیلی مذاکرات کار پیر کے روز پہنچیں گے،مذاکرات میں امریکی ایلچی اسٹیو وٹکاف اور جیرڈ کشنر شریک بھی ہونگے، وٹکاف ثالث کی حیثیت سے گفتگو کریں گے ، امریکی وزیرخارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ 90 فیصد معاملات طے ہوچکے، حماس کو غیر مسلح کرنا اور اسرائیلی افواج کا انخلا آسان نہ ہوگا،قیدیوں کی رہائی کیلئے اسرائیل کو بمباری روکنا ہوگی، امریکی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ یہ ممکن نہیں کہ جنگ جاری رہے اور اسرائیلی قیدیوں کی رہائی کا عمل بھی مکمل ہو، امید ہےقیدیوں کی رہائی کے لیے معاہدہ جلدطے پاجائیگا، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے غزہ پر بمباری روکنے کی ہدایت کے باوجود اسرائیلی طیاروں کی بمباری کا سلسلہ جاری رہا ،اسرائیلی حملوں میں مزید 24فلسطینی شہید اور درجنوں زخمی ہوگئے جبکہ ایک شخص بھوک سے دم توڑ گیا۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دھمکی دی ہے کہ اگر حماس نے اقتدار چھوڑنے سے انکار کیا، تو اسے مکمل تباہی کا سامنا کرنا پڑے اور صفحہ ہستی سے مٹادیا جائے گا۔ اسرائیلی وزیراعظم نے اعلان کیا ہے کہ امن منصوبہ قیدیوں کی رہائی سے مشروط ہے، نیتن یاہو کا کہنا تھا مجوزہ منصوبہ اس وقت تک نافذ نہیں کیا جائے گا جب تک اسرائیلی قیدیوں کی مکمل رہائی نہیں ہو جاتی۔ امن منصوبے کے نفاذ کے لیے کوئی حتمی تاریخ طے نہیں۔

اہم خبریں سے مزید