کراچی ( رفیق مانگٹ) امریکی اخبار کا کہنا ہے کہ غزہ امن مذاکرات میں حماس کی قیادت اسرائیلی حملے سے بچ جانے والے خلیل الحیا کریں گے ، حماس رہنما خلیل الحیا جنگ ختم کرنے کی کوششوں میں سرفہرست ہیں ،مصر مذاکرات سے قبل خلیل الحیا کابیان ہے کہ ہماری شہادتیں فتح کا ایندھن ہیں۔حماس کے سینئر رہنما خلیل الحیا، جو تین ہفتے قبل اسرائیل کے میزائل حملے میں زخمی ہوئے تھے، مصر میں ہونے والے امن مذاکرات میں اپنے وفد کی قیادت کریں گے۔ یہ مذاکرات غزہ میں جاری جنگ کے خاتمے کے لیے اہم سمجھے جا رہے ہیں۔امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق مصر میں غزہ امن مذاکرات ایک غیر معمولی موڑ کے ساتھ آ رہے ہیں۔ حماس وفد کی قیادت خلیل الحیا کریں گے، جنہیں اسرائیل نے تین ہفتے قبل قطر کے دارالحکومت دوحہ میں ایک میزائل حملے میں نشانہ بنایا تھا۔ یہ حملہ حماس کے مذاکرات کاروں کے اجلاس پر کیا گیا، جو جنگ ختم کرنے کی کوششوں پر بات چیت کر رہے تھے۔ بدقسمتی سے اس حملے میں الحیا کے بیٹے سمیت کئی افراد شہید ہوئے۔ اس حملے نے سفارتی حلقوں میں ہلچل مچا دی اور بالآخر جنگ کے خاتمے کے لیے ایک معاہدے کی راہ ہموار کی۔ عرب ثالثوں کے مطابق، الحیا اور غزہ سے باہر مقیم دیگر سینئر سیاسی رہنما اس امن منصوبے کو قبول کرنے کے حق میں ہیں، لیکن ان کے گروپ کی مسلح شاخ پر اثر و رسوخ محدود ہے۔