• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خواتین ورلڈکپ، پاکستان کی بھارت کے ہاتھوں ناکامی کا سلسلہ تھم نہ سکا

کراچی( اسٹاف رپورٹر) آئی سی سی خواتین ورلڈ کپ میں پاکستان کی بھارت کے ہاتھوں ناکامی کا سلسلہ نہ تھم سکا ۔ ایشیا کپ میں مردوں کی ٹیم کی تینوں میچوں میں شکست کے بعد کولمبو میں خواتین ورلڈ کپ میں بھارتی خواتین ٹیم نے پاکستان کو 88 رنز سے ہرادیا۔ اس سے قبل پہلے میچ میں بنگلہ دیش ویمنز نے پاکستان ویمنز کو 7وکٹوں سے ہرایا تھا۔ اتوار کو پریماداسا اسٹیڈیم میں پاکستان نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ دی جو 247رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ جواب میں پاکستان ٹیم 43 اوورز میں 159رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ڈیانا بیگ کی چار وکٹ، اور سدرہ امین کی 81رنز کی کارکردگی ضائع ہوگئی۔ بھارتی اننگز میں سمرتی مندھانا 23، پراتیکا راول 31 ، کپتان ہرمنپریت کور 19رنز بناکر آئوٹ ہوئیں ۔ ایک موقع پر ڈیانا بیگ نے جمائما راڈریگز کو بھی سدرہ نواز کے ہاتھوں کیچ کرادیا تھا لیکن وہ نوبال ہوگئی۔ وہ پانچ چوکوں کی مدد سے 32رنز بناکر ایل بی ڈبلیو ہوئیں۔ ہرلین دیول چار چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے46 رنز بناکر نمایاں رہیں۔ سنیہہ رانا 20 ،دیپتی شرما 25، ریچا گھوش کے دو چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے 35 رنز ناٹ آؤٹ کی بدولت اسکور 247 رنز تک پہنچا ۔ ڈیانا بیگ نے 69 رنز دے کر4 وکٹیں حاصل کیں۔ انہوں نے ون ڈے انٹرنیشنل اور ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں مجموعی طور پر سو وکٹیں بھی مکمل کرلیں۔ فاطمہ ثنا اور سعدیہ اقبال نے بالترتیب38 اور 47 رنز دے کر دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ پاکستان کی اننگز میں منیبہ علی 2، صدف شمس 6 اور عالیہ ریاض2 رنز بناکر آؤٹ ہوگئیں ۔ سدرہ امین اور نتالیہ پرویز نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 69رنز کا اضافہ کیا۔ سدرہ امین نے 9چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 81اور نتالیہ پرویز نے 33رنز 4 چوکے لگاکر بنائے ۔
اہم خبریں سے مزید