• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غزہ میں جنگ بندی نہیں، صرف بمباری میں عارضی وقفہ، اسرائیل، فلوٹیلا سے گرفتار فرانسیسی ارکان پارلیمنٹ کی بھوک ہڑتال

کراچی (نیوز ڈیسک) غزہ جنگ بندی مذاکرات کے دوران اسرائیلی حملے جاری ہیں ، صہیونی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ جنگ بندی نہیں کی ، صرف بمباری میں عارضی وقفہ ہے، فلوٹیلا سے گرفتار فرانسیسی ارکانِ پارلیمنٹ کی بھوک ہڑتال، مغربی کنارے میں نئی زمین ضبط، اسرائیلی بستیاں عالمی قانون کی خلاف ورزی اور دو ریاستی حل کیلئے خطرہ ہیں، اقوا متحدہ نے قحط اور تباہی کی تشویشناک رپورٹ جاری کی ہے۔ غزہ میں قحط، صحت مراکز، ہسپتال تباہ، تقریباً تمام آبادی بے گھر ہو چکی ہے، 80فیصد عمارتیں تباہ یا متاثر، 98فیصد زرعی زمین برباد، 6لاکھ 60ہزار بچے تعلیم سے محروم ہیں۔ ماہرین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ نیتن یاہو شاید قیدیوں کی واپسی کے بعد جنگ دوبارہ شروع کریں غزہ پر اسرائیل کی تقریباً دو سال سے جاری جنگ کے خاتمے کے لیے مذاکراتی کوششوں میں تیزی آئی ہے، تاہم اسرائیلی بمباری بدستور جاری ہے۔ گذشتہ روز کم از کم 19فلسطینی شہید ہوئے، جبکہ ایک شخص بھوک کے باعث دم توڑ گیا۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ جیسے ہی حماس جنگ بندی معاہدے کی تصدیق کرے گی، فائربندی فوری نافذ ہوگی، مگر اسرائیلی حکومت نے واضح کیا ہے کہ فی الحال کوئی جنگ بندی نہیں بلکہ صرف بمباری میں عارضی وقفہ کیا گیا ہے۔ اس دوران اقوامِ متحدہ کے ادارہ برائے فلسطینی پناہ گزین (UNRWA) نے ایک رپورٹ میں بتایا ہے کہ دو سالہ جنگ نے غزہ کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق تقریباً تمام آبادی بے گھر ہو چکی ہے، 80فیصد عمارتیں تباہ یا متاثر ہیں، 98فیصد زرعی زمین برباد ہو گئی ہے، اور 6لاکھ 60ہزار بچے تعلیم سے محروم ہیں۔ محصور علاقے میں قحط کی تصدیق ہو چکی ہے، جبکہ اسپتالوں اور صحت کے مراکز پر 790 سے زائد حملے ہو چکے ہیں۔ ادھر اسرائیلی فورسز کی جانب سے غزہ جانے والی ’’گلوبل صمود فلوٹیلا‘‘ کو روکنے کے دوران گرفتار کیے گئے چار فرانسیسی ارکانِ پارلیمنٹ نے فلسطینی عوام سے اظہارِ یکجہتی کے طور پر بھوک ہڑتال شروع کر دی ہے۔ فرانسیسی جماعت فرانس اَنبووڈ کے مطابق ان میں دو قومی اسمبلی اور دو یورپی پارلیمنٹ کے ارکان شامل ہیں۔
اہم خبریں سے مزید