• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ، ٹریفک خلاف ورزی پر ہوشربا جرمانوں پر عوام شدید مضطرب

کراچی (اسد ابن حسن) حکومت سندھ کے نئے نوٹیفکیشن میں موٹر وہیکل آرڈیننس میں ٹریفک رولز کی خلاف ورزی پر جرمانوں میں جو ہو شربا اضافہ کیا گیا ہے اُس سے شہری حلقوں میں شدید اضطراب اور غم و غصہ پایا جاتا ہے، اب موٹر سائیکل بک جائے گی مگر ایک جرمانہ بھی پورا نہ ہو گا،ہزاروں روپے را ئیڈرکیسے ادا کرینگے ۔ عوام کو شکوہ ہے کہ اس صورت حال میں جب شہری شدید مہنگائی کے عذاب میں مبتلا ہیں, پیٹرول کی قیمتیں تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہیں, بے روز گاری اپنے عروج پر ہے اور سڑکوں کی حالت نا گفتہ بہ ہیں ایسے میں ٹریفک کی خلاف ورزیوں پر ہزاروں روپے کے جرمانے شہریوں پر مزید عذاب کے مترادف ہیں اور ایسا لگتا ہے کہ اصل مقصد ٹریفک کی اصلاح نہیں بلکہ حکومتی آمدنی میں اضافہ ہے۔ ہزاروں روپے کے ان جرمانوں کو وہ ڈیلیوری رائیڈرز ، فوڈ پانڈا اور بائیکیا والے کیسے ادا کر سکتے ہیں جنکی موٹر سائیکل کی کل قیمت پانچ ہزار بھی نہیں ہو تی اور جو دن بھر میں بمشکل چند سو روپے ہی کما پاتے ہیں۔ کم و بیش یہی حال “ان ڈرائیو” اور “یینگو “ اور کم تنخواہ دار طبقے کا ہے جو بوجوہ اپنی موٹر سائیکل یا گاڑی رکھنے پر مجبور ہیں۔ اس حوالے سے سنجیدہ طبقوں کا خیال ہے کہ دیگر مہذب ممالک کی طرح ان قوانین کو نافذ کرنے سے پہلے سندھ حکومت کو عوامی آگاہی کی ایک مہم چلانی چاہیے تھی اور جرمانوں کی اس سطح پر رکھنا تھا جو لوگوں کے لئے سبق آموز تو ہو مگر اُن کی مکمل معاشی بربادی کا سبب نہ بن جائے۔
اہم خبریں سے مزید