کراچی(سید محمد عسکری) پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم اینڈ ڈی سی) نے ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کے شاندار کامیاب سفر کے سلسلے میں متعدد آن لائن پورٹلز کے آغاز کردیا ہے۔ ان میں رجسٹریشن پورٹل، پوسٹ گریجویٹ کوالیفیکیشن پورٹل، ایکسپیریئنس و فیکلٹی پورٹل اور ایم ڈی کیٹ پورٹل شامل ہیں، جنہوں نے پی ایم اینڈ ڈی سی کی کارکردگی، شفافیت اور رسائی کو نمایاں طور پر بہتر بنایا ہے۔مئی 2024 سے شروع ہونے والے اس ڈیجیٹلائزیشن منصوبے نے کونسل کے کام کرنے کے ڈھانچے کو یکسر بدل دیا ہے، جس کے نتیجے میں پاکستان بھر کے میڈیکل و ڈینٹل پروفیشنلز، اداروں اور طلباء کو خدمات کی فراہمی میں عملی بہتری آئی ہےپی ایم اینڈ ڈی سی نے نئے پورٹلز اور ای سرٹیفیکیشن کے ذریعے درخواستوں کو تیز رفتاری سے نمٹاتے ہوئے شفافیت اور کارکردگی میں اضافہ کیا اور التواء ختم کیے۔ ہزاروں درخواستیں جیسے رجسٹریشن، پوسٹ گریجویٹ کوالیفیکیشنز اور فیکلٹی ویری فیکیشن ریکارڈ وقت میں نمٹائی گئیں۔ اب درخواست دہندگان اپنی درخواستوں کو ریئل ٹائم میں ٹریک کر سکتے ہیں، اور غیر ضروری رکاوٹیں ختم ہوئیں۔ نئے پورٹلز نے ذاتی حاضری کی ضرورت کم کر دی، جس سے تمام اسٹیک ہولڈرز کسی بھی وقت اور کہیں سے بھی خدمات تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔ ایم ڈی کیٹ پورٹل کے ذریعے انٹری ٹیسٹ کی رجسٹریشن اب زیادہ شفافیت اور مؤثر نگرانی کے ساتھ مکمل ہو رہی ہے۔ طلباء آسانی سے آن لائن رجسٹریشن کر سکتے ہیں اور محفوظ ڈیجیٹل ادائیگی کے آپشن نے ان کا وقت اور محنت بچا لی ہے۔ ۔لاہور اور کراچی دفاتر میں دستیاب کلیدی خدمات میں فل رجسٹریشن اور لائسنس رینیول، گڈ اسٹینڈنگ سرٹیفیکیٹس کا اجرا، ڈپلیکیٹس کی فراہمی اور پریکٹیشنرز کے ریکارڈ میں اپ ڈیٹ یا تبدیلی شامل ہیں۔ پی ایم اینڈ ڈی سی کے صدر پروفیسر رضوان تاج نے کہا کہ یہ اعداد و شمار کونسل کی محنت اور ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کے وسیع وژن کو ظاہر کرتے ہیں۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ جو چند درخواستیں زیر التواء ہیں وہ زیادہ تر تیسرے فریق کی تصدیق میں تاخیر یا پیچیدگی کی وجہ سے ہیں اور قانون کے مطابق پی ایم اینڈ ڈی سی بغیر تصدیق کے ان کیسز کو آگے نہیں بڑھا سکتا۔ پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل ملک بھر میں میڈیکل اور ڈینٹل تعلیم و پریکٹس کے اعلیٰ معیارات برقرار رکھنے کی مجاز ریگولیٹری اتھارٹی ہے۔