• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بالی ووڈ کا امیر ترین شخص جو اداکار ہے نہ ہدایت کار، رونی اسکریو والا 4؍ کھرب 22؍ ارب کے ساتھ بھارتی فلم انڈسٹری کا کھرب پتی فلم پروڈیوسر

کراچی( رپورٹ/ اخترعلی اختر )بالی وُڈ کا سب سے امیر شخص وہ ہے، جس کی مجموعی دولت 1.5 بلین ڈالر(تقریباً 4؍ کھرب 22؍ ارب پاکستانی روپے) بتائی گئی ہے، حالانکہ اُس نے کبھی نہ اداکاری کی، نہ ہدایت کاری۔بالی وُڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان ،اس سال کی ہورون انڈیا رِچ لسٹ کے مطابق کھرب پتی بننے والے پہلے بھارتی اداکار بن گئے ہیں۔ اس فہرست کے مطابق، شاہ رخ خان کی مجموعی دولت اب 1.4 بلین ڈالر ہے، جس سے وہ دنیا کے امیر ترین اداکاروں میں شمار کیے جا سکتے ہیں۔ مگر حیران کن بات یہ ہے کہ وہ بالی وُڈ کے سب سے امیر شخص نہیں ہیں۔ اس معاملے میں اُن سے آگے وہ شخص ہے، جس نے کبھی کسی فلم میں اداکاری، ہدایت کاری یا پرفارم نہیں کیا۔ بالی وُڈ کا سب سے امیر شخص کون ہے؟ ہورون انڈیا رِچ لسٹ 2025 اور فوربز دونوں کے مطابق، ہندی فلم انڈسٹری کا سب سے امیر شخص پروڈیوسر اور کاروباری شخصیت رونی اسکریووالا (Ronnie Screwvala) ہیں۔ ان کی مجموعی دولت تقریباً 1.5 بلین ڈالر (تقریباً 4؍ کھرب 22؍ ارب پاکستانی روپے) بتائی گئی ہے۔ یہ دولت شاہ رخ خان سے بھی زیادہ ہے۔ کرن جوہر اور بچن خاندان بھی ان سے پیچھے ہیں۔ بھوشن کمار اور آدتیہ چوپڑا ، جو آج کے دور کے سب سے کامیاب فلم سازوں میں شامل ہیں ، مگر دونوں کے نام ہورون رِچ لسٹ 2025 میں شامل نہیں ہیں۔ رونی اسکریووالا بھارت میں کیبل ٹی وی انقلاب کے بانیوں میں سے ایک ہیں۔ انہوں نے 1980 کی دہائی میں ٹوتھ برش بنانے کے کام سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا، جس کے بعد انہوں نے اپنا کیبل ٹی وی نیٹ ورک قائم کیا۔ 1990 میں، انہوں نے UTV کی بنیاد رکھی، جو ابتدا میں ایک ٹی وی اسٹوڈیو تھا، اور بعد میں فلم پروڈکشن ہاؤس بن گیا۔سالوں کے دوران، انہوں نے کئی مشہور فلمیں پروڈیوس کیں، جیسے لکشیا، سوادیش، رنگ دے بسنتی، جودھا اکبر، اور فیشن۔2012 میں، ڈزنی (Disney) نے UTV کو ایک بلین ڈالر کے معاہدے میں خرید لیا۔ اس کے بعد اسکریووالا نے RSVP Movies کی بنیاد رکھی، جس کے تحت انہوں نے فلمیں بنائیں، جیسے کیدارناتھ، اُری، اور سام بہادر۔۔ رونی اسکریووالا کی بے پناہ دولت کا ایک بڑا حصہ ان کے دوسرے کاروباری منصوبوں سے بھی آتا ہے، جن میں سب سے اہم upGrad (آن لائن ایجوکیشن پلیٹ فارم) اور Unilazer Venturesشامل ہیں ہورون انسٹیٹیوٹ نےیہ فہرست ان بھارتی شخصیات کی تفصیلات پیش کرتی ہے جو کاروبار، صنعت، تفریح اور کھیل کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھتے ہیں۔شاہ رخ خان اب بھی بھارت کے سب سے امیر مشہور شخص ہیں، جن کی دولت 2025 میں بڑھ کر 870 ملین ڈالر سے 1.4 بلین ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔وہ بالی وُڈ کے دیگر امیر ستاروں جیسے جوہی چاولہ اور ان کا خاندان، ہریتھک روشن، کرن جوہر، اور بچن فیملی سے آگے ہیں۔البتہ حیرت انگیز طور پر، بڑے اسٹارز جیسے سلمان خان، اکشے کمار، عامر خان، اور رنبیر کپور کا نام اس فہرست میں شامل نہیں ہے۔اسی طرح، اس دور کی بڑی اداکارائیں جیسے دیپیکا پڈوکون اور عالیہ بھٹ بھی اس فہرست میں جگہ نہیں بنا سکیں۔
اہم خبریں سے مزید