لاہور (نیوزرپورٹر)صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے کہا ہے کہ مر یم نواز شریف پنجاب کی پہلی وزیر اعلیٰ ہیں جو نوجوانوں کیلئے کھیلوں کی سرگرمیوں کے مواقع پیدا کرنے کیلئے محنت کر رہی ہیں۔پنجاب اسٹیڈیم میں 44 ویں نیشنل کبڈی چیمپئن شپ کے فائنل کا انعقاد ہوا۔پاکستان کبڈی فیڈریشن کے صدر وصوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین کبڈی فائنل میچ کے مہمان خصوصی تھے۔ پاکستان واپڈا اور پاکستان آرمی کی کبڈی ٹیموں کے مابین فائنل میچ ہوا جس میں پاکستان واپڈا کی کبڈی ٹیم فاتح رہی۔ صوبائی وزیر چوہدری شافع حسین نے فائنل میچ جیتنے والی ٹیم کے کپتان کو ٹرافی دی۔کھلاڑیوں میں نقد انعامات اور میڈلز تقسیم کئے اور ٹیموں کے آفیشلز کو شیلڈز دیں۔انہوں نے اس موقع پر کہا کہ چاہتے ہیں کہ بھارت کی کبڈی ٹیم پاکستان میں کبڈی میچ کھیلنے آئے لیکن مودی سرکار بھارت کی کبڈی ٹیم پاکستان بھجوانے کیلئے تیار نہیں بدقسمتی سے بھارت کھیلوں میں بھی سیاست کو لے آیا حالانکہ کھیل تو ممالک اور لوگوں کو ایک دوسرے کے قریب لانے کا ذریعہ ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ائیر فورس نے بھارت کے 6 جنگی جہاز گرائے۔ بھارت کو یہ ذلت آمیز شکست برداشت نہیں ہورہی۔ انہوں نے کہا کہ کھیل کی بہتری کیلئے بھارت سیاست کو کھیل کے میدانوں سے دور رکھے۔