• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اشتہاریوں کی گرفتاری، منشیات مقدمات میں موثر چالاننگ، سزائیں یقینی بنائی جائیں،آئی جی

 لاہور ٟ(کر ائم رپو رٹر ،کرائم رپورٹر سے) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر صدارت سنٹرل پولیس آفس میں اجلاس منعقد ہوا۔ ایڈیشنل آئی جی انوسٹی گیشن پنجاب شہزادہ سلطان، اے آئی جی آپریشنز زاہد نواز مروت، اے آئی جی ڈویلپمنٹ ڈاکٹر محمد رضوان احمد سمیت دیگر سینئر افسران اجلاس میں موجود تھے جبکہ کمانڈنٹ پی سی، ڈی آئی جی ایس پی یو اینڈ ویلفیئر، فیصل آباد اور گوجرانوالہ ریجنز کے آر پی اوز، سی پی اوز، ڈی پی اوز، ایس ایس پی ٹریفک پنجاب اور ضلعی ٹریفک افسران نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔آئی جی پنجاب نے چینی و دیگر غیر ملکی باشندوں کی سکیورٹی، ٹریفک حادثات اور اوورلوڈنگ کے تدارک، کرائم کنٹرول، ویلفیئر اور ڈویلپمنٹ پراجیکٹس پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا۔ آئی جی پنجاب نے بہترین مجموعی کارکردگی پر ڈی پی او منڈی بہائوالدین وسیم ریاض کے لیے یادگاری تختی کے ساتھ تعریفی لیٹر دینے کا اعلان کیا۔ اسی طرح سیلاب زدہ علاقوں میں ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن میں بہترین کارکردگی پر ڈی پی او مظفرگڑھ، ناروال، سیالکوٹ سمیت متعلقہ افسران کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ سنگین جرائم میں ملوث ملزمان کی گرفتاری اور انسدادِ جرائم کے لیے ڈسٹرکٹ پولیس، سیف سٹیز اور سی سی ڈی کے درمیان بہترین کوآرڈینیشن موجود ہے۔انہوں نے ڈکیتی، راہزنی، گاڑی و موٹر سائیکل چوری کے خاتمے اور ریکوری میں اضافے کے لیے مربوط اقدامات کی ہدایت کی۔آئی جی پنجاب نے اے کیٹگری کے اشتہاری ملزمان کی گرفتاری، منشیات کے مقدمات میں موثر چالاننگ اور سزائیں یقینی بنانے پر زور دیا۔دریں اثنا انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ پنجاب پولیس نے مسیحی کمیونٹی سمیت تمام اقلیتوں کے مسائل کے حل کے لیے میثاق سینٹرز قائم کیے ہیں تاکہ ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جا سکیں۔ ان کی ہدایت پر لاہور سمیت صوبہ بھر کے گرجا گھروں میں مسیحی عباداتی دعائیہ پروگرام کے دوران پنجاب پولیس نے ہائی الرٹ رہ کر سکیورٹی کے فرائض انجام دیے۔ قبل ازیں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے آر پی اوز اور ڈی پی اوز کو گرجا گھروں کی سکیورٹی بڑھانے کے احکامات جاری کیے۔ انہوں نے کہا کہ ایس پیز اور سپروائزری افسران گرجا گھروں اور دیگر اہم مقامات کے سکیورٹی انتظامات خود چیک کریں۔ حساس گرجا گھروں پر پولیس کی اضافی نفری اور سنائپرز تعینات کیے جائیں ۔
لاہور سے مزید